کولمبو میں سری لنکن بلے بازوں کی محتاط مگر پراعتماد بلے بازی

،تصویر کا ذریعہGetty
کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے بلے بازوں نے بھارت کے 393 رنز کے جواب میں ابتدائی نقصان کے بعد اچھی بلے بازی کی۔
جمعے کو میچ کے دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو لوہارو تھریمانے اور کپتان اینجلو میتھیوز کریز پر موجود تھے اور سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا لیے تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90160" platform="highweb"/></link>
سری لنکا کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب کرونارتنے دوسرے ہی اوور میں امیش یادو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد دوسری وکٹ کے لیے تجربہ کار بلے باز کمارا سنگاکارا اور کوشال سلوا کے درمیان 74 رنز کی شراکت ہوئی۔
سنگاکارا اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انھیں ایشون کی گیند پر ریہانے نے کیچ کیا۔
نصف سنچری بنانے والے کوشال سلوا اس اننگز میں امت مشرا کی پہلی اور مجموعی طور پر تیسری وکٹ بنے۔
اس سے قبل بھارت کی پوری ٹیم اپنے گذشتہ روز کے سکور میں مزید 74 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون اور وردھیمان ساہا نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تاہم مجموعی سکور میں صرف دو رنز کے اضافے کے بعد بھارت کی ساتویں وکٹ اس وقت گری جب ایشون دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ساہا اور امت مشرا نے آٹھویں وکٹ کے لیے 46 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو ایک اچھے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔
سری لنکا کی جانب سے میتھیوز، پرساد، چمیرا اور ہیراتھ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پہلے ٹیسٹ میں 63 رنز سے شکستکے بعد اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
زخمی شیکھر دھون کے علاوہ ہربھجن سنگھ اور ورون ایرون یہ میچ نہیں کھیل رہے۔ ان کی جگہ مرلی وجے، سٹوئرٹ بنی اور امیش یادو کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو بھارت پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔



