شیکھر دھون زخمی ہونے پر سری لنکا ٹیسٹ سیریز سے باہر

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھون سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں دائیں ہاتھ پر چوٹ لگ جانے کے بعد سیریز کے باقی دو میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔
شیکھر دھون کے زخمی ہونے کے سبب سیریز کے باقی میچوں سے باہر ہونے کو بھارت کی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارت کی ٹیم اس سیریز میں پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے۔ پہلے ٹسیٹ میچ میں اسے 63 رنز سے غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس میچ میں شیکھر دھون 29 رنز سکور کر سکے تھے۔
اسی میچ کی پہلی اننگز میں شیکھر دھون نے سنچری سکور کی تھی ۔
بھارتی ٹیم کی مینیجمٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ دھون کے طبی معائنے میں ان کے ہاتھ میں باریک فریکچر کا پتہ چلا ہے۔
اس فریکچر کی وجہ سے وہ سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ ٹیم ایک ’ان فارم‘ بلے باز سے محروم ہوگئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شیکھر نے کولمبو میں بڑی جرات سے کھیل پیش کیا تھا اور یہی وہ ایک کھلاڑی میں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
ابھی ان کے متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔
گال ٹیسٹ میچ میں بھارت کے اوپننگ بلے باز مورلی وجے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث میچ سے باہر ہو گئے تھے تاہم اب توقع کی جا رہی ہے کہ دو سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے پہلے صحت یاب ہو جائیں گے۔
بھارت نے شیکھر دھون کے سیریز سے باہر ہونے کے اعلان سے پہلے ہی آل راؤنڈر سٹیورٹ بنی کو سری لنکا بلایا گیا ہے۔
شیکھر دھون نے 15 ٹیسٹ میچوں میں 44.53 کی اوسط سے 11 سو 58 رنز بنا رکھے ہیں۔



