آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں ریتک اور انوشکا

بھارت میں کرکٹ کو گلیمر سے جوڑنے والے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ انڈین پریمیئر ليگ کے آٹھویں سیزن کا افتتاح آج ہو رہا ہے۔
مغربی بنگال کے معروف شہر کولکتہ کے سالٹ لیک سٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی پروگرام میں بالی وڈ کے معروف اداکار ریتک روشن، شاہد کپور اور اداکارہ انوشکا شرما پرفارم کریں گی۔
اس افتتاحی پروگرام کی میزبانی بھارت کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے معروف اداکار سیف علی خان کریں گے۔
آئی اے این ایس کے مطابق دو گھنٹے جاری رہنے والے اس افتتاحی پروگرام میں سکرپٹ رائٹر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے بیٹے اداکار فرحان اختر اپنے بینڈ کے ساتھ گیت پیش کریں گے۔

دفاعی چیمپیئن کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک شاہ رخ خان اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان کرکٹر ویراٹ کوہلی اور ان کی گرل فرینڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ایک ساتھ کولکتہ پہنچنے کی خبریں سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے۔
افتتاحی تقریب میں آئی پی ایل کی آٹھوں ٹیم کے کپتان موجود ہوں گے۔ جبکہ کے کے آر کے کپتان گوتم گنبھیر ٹرافی کی رونمائی کریں گے اور اسی کے ساتھ آئی پی ایل کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہوگا۔
اس موقعے پر آئی پی ایل کی جھلکیاں پیش کی جائیں گی اور انڈیا کا تیوہار نامی گیت پیش کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق ریتک روشن فلم ’بینگ بینگ‘ اور ’دھوم‘ کے گیتوں پر پرفارم کریں گے تو شاہد کپور فلم ’راجکمار‘ اور ’کمینے‘ کے گیت پر جبکہ انوشکا شرما فلم ’پی کے‘ اور ’جب تک ہے جاں‘ کے گیت پر پرفارم کریں گی۔

،تصویر کا ذریعہHOTURE
آئی پی ایل کے آٹھویں سیزن کا پہلا میچ کولکتہ نائٹ رائڈرز اور ممبئی انڈینس کے درمیان کولکتہ میں بدھ یعنی آٹھ اپریل کو کھیلا جائے گا۔



