چنئی سپر کنگز نے چیمپیئز لیگ جیت لی

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت میں چیمپیئنز ليگ ٹی 20 مقابلوں کے فائنل میں چنئی سپر کنگز نے سریش رائنا کی عمدہ سنچری کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔
سنیچر کی شب بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں چنئی سپر کنگز نے آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کی اور 181 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
کولکتہ کے اوپنرز رابن اوتھپا اور گوتم گمبھیر نے اس دعوت کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔
اوتھپا نے 39 رنز بنائے جبکہ گوتم نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 52 گیندوں پر 80 رنز کی اہم اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
بعد میں آنے والے بلے بازوں میں منیش پانڈے کے 19 گیندوں پر 32 اور یوسف پٹھان کے نو گیندوں پر 20 رنز نے کولکتہ کو مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز کے اچھے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔
جواب میں چنئی کے بلے بازوں نے ابتدائی نقصان کے باوجود دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کے لیے سریش رائنا اور برینڈن میکلّم نے 122 رنز کی شراکت بنا ڈالی۔
میکلّم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان دھونی میدان میں اترے جنھوں نے رائنا کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح یاب کروایا۔
سریش رائنا نے 62 گیندوں پر چھ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
چنئی کی ٹیم کے بولر پوون نیگی کو پانچ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
چنئی سپر کنگز نے دوسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل 2010 میں بھی وہ فاتح ٹیم تھی۔



