آئی پی ایل میں فلمی موسیقی کے حقوق پر تنازع

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت میں کرکٹ ليگ آئی پی ایل کے دوران بجائے جانے والے گیتوں کے حقوق پر تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
آئی پی ایل کے سیزن آٹھ کا افتتاح منگل کو ہو رہا ہے لیکن اس سے قبل ہی فلمی موسیقی کے حقوق کا تنازع سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی پی ایل کے میچوں کے دوران میدان پر اوورز اور اننگز کے درمیان وقفے کے دوران فلمی موسیقی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
انڈین پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی نے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی اور آئی پی ایل کو ایک نوٹس بھیجا ہے اور فلمی موسیقی کے استعمال پر موسیقی کمپنیوں کو رائلٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوسائٹی کی جانب سے جاری بیان میں قانونی نوٹس کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ’ہم نے بی سی سی آئی، آئی پی ایل اور این کمپاس میڈیا جو اس سال آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے کام کر رہی ہے انھیں یہ خط بھیجا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہPTI
اگرچہ آئی پی ایل نے گذشتہ تمام سیزنز میں لائسنس خریدا تھا لیکن اس سال یہ معاملہ طول پکڑتا نظر آ رہا ہے کیونکہ آئی پی ایل کا آغاز ہونے کو ہے اور ابھی تک لائسنس کے لیے درخواست داخل نہیں کی گئي ہے۔
آئی پی ایل کے دوران میدان میں موسیقی بجانے کا کام کرنے والے ایک ڈی جے موہت نے بتایا: ’یہ بالکل درست ہے کہ آپ بغیر لائسنس کے بالی وڈ کے گانوں کا استعمال نہیں کر سکتے اور اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کا ڈی جے کے طور پر لائسنس ختم ہو سکتا ہے۔‘
اخبار مڈ ڈے کے مطابق آئی پی ایل کی جانب سے چيف آپریٹنگ افسر سندر رمن کا کہنا ہے ’یہ آرگنائزرز سے منسلک معاملہ ہے اور اس کا آئی پی ایل سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ ہم كھلاڑيوں اور کھیل پر توجہ دیتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جبکہ انکمپاس میڈیا سے وابستہ روشن عباس نے بتایا: ’ہم آئی پی آر ایس سے بات چیت کر رہے ہیں، کچھ معاملات پر بات جاری ہے اور آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے ہم اسے سلجھا لیں گے۔‘







