نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

،تصویر کا ذریعہGetty
کرکٹ ورلڈ کپ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ناک آؤٹ مرحلے میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔
سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 24 مارچ کو آک لینڈ میں جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88591" platform="highweb"/></link>
ویلنگٹن میں سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے مارٹن گپتل کی ڈبل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 394 رنز کا ہدف دیا تاہم ویسٹ انڈین ٹیم 30ویں اوورز میں 250 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل نے نصف سنچری بنائی اور 33 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انھوں نے اس اننگز میں جارحانہ انداز اپنایا اور آٹھ چھکے لگائے جن میں ویٹوری کو ایک اوور میں لگاتار تین چھکے بھی شامل تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ان کے علاوہ جیسن ہولڈر اور مارون سیموئلز نے بھی مختصر مگر دھواں دھار اننگز کھیلیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ وہ اب 19 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔
اس سے قبل ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اب تک عالمی کپ میں ناقابلِ شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے اچھا ثابت ہوا اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 393 رنز بنا ڈالے۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپتل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل سینچری مکمل کی اور 393 کے مجموعے میں ان کا حصہ 237 رنز رہا۔

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES
انھوں نے یہ سکور 163 گیندوں پر 24 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے بنایا اور ناٹ آوٹ رہے۔
وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے ہیں جبکہ 237 رنز بنا کر انھوں نے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کا ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
گیل نے اسی ورلڈ کپ میں 215 رنز بنا کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
گپتل کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں سے ٹیلر نے 42 اور ولیمسن نے 33 رنز کی قابلِ ذکر اننگز کھیلیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل نے دو وکٹیں تو لیں لیکن دس اوورز میں 96 رنز بھی دے ڈالے۔
ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں گروپ میچز میں پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ نے چھ میں سے چھ میچ جیت کر 12 جبکہ ویسٹ انڈیز نے چھ پوائنٹس لیے تھے اور وہ پول بی میں آخری نمبر پر رہی تھی۔



