بنگلہ دیش کو شکست دے کر بھارت سیمی فائنل میں

اس ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم ناقابلِ شکست ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناس ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم ناقابلِ شکست ہے

آسٹریلوی شہر میلبرن میں کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بنگلہ دیش کو 109 رنز سے شکست دے کر بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 303 رنز کا ہدف دیا اور جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 45 اوورز میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://m.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88589" platform="highweb"/></link>

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیشی اوپنروں نے ٹیم کو 33 رنز کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد دونوں اوپنر تمیم اقبال اور امرو القیس یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔

تمیم کو امیش یادو نے کیچ کروایا جبکہ امرو القیس رن آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ کے لیے سومیا اور محمود اللہ نے 40 رنز بنائے اور اس شراکت کا خاتمہ محمد شامی نے سومیا کو آؤٹ کر کے کیا۔ شامی نے ہی محمود اللہ کو بھی پویلین کی راہ دکھلائی۔

سریش رائنا اور روہت شرما نے عمدگی سے کھیلتے ہوئے بھارت کو مستحکم پوزیشن تک پہنچا دیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسریش رائنا اور روہت شرما نے عمدگی سے کھیلتے ہوئے بھارت کو مستحکم پوزیشن تک پہنچا دیا

شکیب الحسن دس رنز بنا سکے اور جدیجا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مشفق الرحیم کو آؤٹ کر کے امیش یادو نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔

189 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ ناصر حسین کی صورت میں گری جنھیں جدیجا نے آؤٹ کیا۔

ٹیم کے سکور میں محض تین رنز کے اضافے کے مشرف مرتضیٰ ایک رن بنا کر شرما کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی آخری دونوں وکٹیں 193 رنز گریں اور 45 اوورز میں ساری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور روہت شرما کی عمدہ اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 302 رن بنائے۔

روہت شرما نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنروہت شرما نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی

روہت شرما نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری بنائی اور وہ 137 رنز کی اننگز کھیل کر تسکین احمد کی وکٹ بنے۔

ان کے علاوہ سریش رائنا نے بھی نصف سنچری بناتے ہوئے 65 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ انھوں نے روہت کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 122 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ روبیل حسین، مشرفی مرتضیٰ اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم میں کپتان مشرفی مرتضیٰ کی واپسی ہوئی۔

میدان میں بنگلہ دیش کے حامیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

،تصویر کا کیپشنمیدان میں بنگلہ دیش کے حامیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے

اس ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم ناقابلِ شکست ہے۔ اس نے پول بی میں اپنے چھ کے چھ میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم پول اے میں چوتھے نمبر پر رہی تھی اور اس نے پہلی بار ورلڈ کپ میں آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔

اس میچ سے پہلے بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں ماضی میں 13 مرتبہ ایک روزہ میچوں میں مدِمقابل آ چکی ہیں اور صرف ایک میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم فتح حاصل کر پائی۔