ورلڈ کپ: جے وردھنےکی سنچری، سری لنکا کی پہلی فتح

جیاودرھنے نے اینجلو میتھیوز کے ساتھ مل کر سری لنکن ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنجیاودرھنے نے اینجلو میتھیوز کے ساتھ مل کر سری لنکن ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پول اے کے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو چار وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔

ڈیونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو فتح کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 49 ویں اوو میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88557" platform="highweb"/></link>

سری لنکن اننگز کی خاص بات مہیلا جے وردھنےکی سنچری تھی۔ انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری ایک ایسے وقت میں بنائی جب سری لنکا کی چار وکٹیں 51 رنز پر گر چکی تھیں۔

سری لنکا کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا تھا جب تھریمانے کو دولت زدران نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔

اگلے ہی اوور میں دوسرے اوپنر تلکارتنے دلشان بھی بغیر کوئی رن بنائے شاہپور زدران کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھے اوور میں افعانستان کے کپتان محمد نبی نے رن آؤٹ کا ایک یقینی موقع ضائع کیا لیکن دو ہی اوور بعد حامد حسن نےتجربہ کار کمارا سنگاکارا کو بولڈ کر کے اس غلطی کا ازالہ کر دیا۔

افغان بولرز نے سری لنکن اننگز کے ابتدائی دو اوورز میں دو وکٹیں لیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنافغان بولرز نے سری لنکن اننگز کے ابتدائی دو اوورز میں دو وکٹیں لیں

چوتھی وکٹ کے لیے جے وردھنےاور کرونارتنے نے33 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بھی حامد حسن نے ہی کیا۔ ان کی دوسری وکٹ کرونارتنے بنے جو 23 رنز بنا کر نوروز منگل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پانچویں وکٹ کے لیے جے وردھنے اور میتھیوز نے 122 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

اس شراکت کا خاتمہ 177 کے مجموعی سکور پر میتھیوز کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا جس کے ایک رن بعد ہی جے وردھنے بھی حامد حسین کی تیسری وکٹ بنے۔

اس کے بعد تھشارا پریرا نے 25 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔

افغانستان کی اننگز

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے شہر ڈیونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان کی ٹیم آخری اوور میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اصغر ستنکزئی نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناصغر ستنکزئی نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

افغان بلے بازوں میں اصغر ستنکزئی نصف سنچری بنا کر نمایاں رہے۔ انھوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کے علاوہ سمیع اللہ شنواری نے 38 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا اور اینجلو میتھیوز تین، تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ سورنگا لکمل نے دو جبکہ ہیراتھ اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے اور دونوں ہی فتح کی تلاش میں تھے۔

سری لنکا کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے جبکہ افغانستان کو بنگلہ دیش نے شکست دی تھی۔