ویلنگٹن ٹیسٹ: سری لنکا کے لیے 390 رنز کا ہدف

،تصویر کا ذریعہAFP
ویلنگٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹ پر 524 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا اور سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 390 رنز کا ہدف رکھا۔
جواب میں کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنائے لیے تھے اور اب انھیں آخری دن 345 رنز کی ضرورت ہوگی جبکہ نیوزی لینڈ باقی ماندہ نو وکٹوں کی تلاش میں رہے گی۔
کشال سلوا 20 رنز پر جبکہ نائٹ واچ مین دھمیکا پرساد ایک رنز پر کریز پر موجود تھے اور آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کرونارتنے نے 17 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن اور وکٹ کیپر واٹلنگ نے اپنی زندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 242 اور 142 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اور انھوں نے چھٹے وکٹ کی شراکت کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89485" platform="highweb"/></link>

،تصویر کا ذریعہAFP
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پردیپ نے تین جبکہ رنگانا ہیرات اور دھمیکا پرساد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کھیل کے دوسرے دن سری لنکا نے کمارا سنگاکارا کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 135 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی تھی۔
ایک وقت سری لنکا کی پانچ وکٹیں صرف 78 رنز پر گر گئی تھیں لیکن پھر سنگاکارا اور چندی مل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔
سنیچر کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔دو میچ کی اس ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ نے ایک صفر کی سبقت حاصل ہے جبکہ ابھی ون ڈے سیریز ہونا باقی ہے۔



