ویلنگٹن ٹیسٹ: سنگاکارا کی شاندار ڈبل سینچری

،تصویر کا ذریعہAFP
ویلنگٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے کمارا سنگاکارا کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
کمارا سنگاکارا 203 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن انھوں نے اپنی یادگار اننگز سے سری لنکا کو ایک بےحد مشکل پوزیشن سے نکال کر نیوزی لینڈ پر 135 رنز کی برتری دلوا دی۔
میچ کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں محتاط طریقے سے کھیلتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 22 رنز بنا لیے تھے۔ کریز پر ٹام لیتھم نو، اور ہیمش ردرفورڈ 12 رنز بنا کر موجود تھے۔
ایک وقت سری لنکا کی پانچ وکٹیں صرف 78 رنز پر گر گئی تھیں لیکن پھر سنگاکارا اور چندی مل کے درمیان 130 رنز کی شراکت قائم کی۔ چندی مل کے 67 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد سنگاکارا نے دوسرے ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا دینا شروع کر دیا۔
سری لنکا کے کل سکور 356 میں سنگاکارا کا حصہ 57 فیصد رہا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے بریس ویل اور نیشم نے تین تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
<link type="page"><caption> تازہ سکور دیکھیں</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89485" platform="highweb"/></link>
واضح رہے کہ اس میچ میں کمارا سنگاکارا سب سے کم اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ انھوں نے 224 ٹیسٹ اننگز میں 12 ہزار مکمل کیے جبکہ بھارت کے معروف کرکٹر سچن تندولکر نے 247 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے ٹیسٹ کے مقابلے ان کا یہ فیصلہ قدرے اچھا ثابت ہوا جب انھوں نے نیوزی لینڈ کو 221 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
پہلے میچ میں ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے برینڈن میک کلم اس اننگز میں صفر پر آوٹ ہوئے اور نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیم سن کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین نصف سنچری نہ بنا سکا۔
سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے چار جبکہ سورنگا لکمل نے تین وکٹ لیے۔ دو وکٹیں دھمیکا پرساد کے حصے میں آئیں جبکہ ایک وکٹ کپتان میتھیوز نے لی۔
دو میچ کی اس ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ نے ایک صفر کی سبقت لے رکھی ہے جبکہ ابھی ون ڈے سیریز ہونا باقی ہے۔



