ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارت کی کپتانی کوہلی کے سپرد

نوجوان بھارتی بلے باز کوہلی ون ڈے میچوں میں بھارت کی کپتانی کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننوجوان بھارتی بلے باز کوہلی ون ڈے میچوں میں بھارت کی کپتانی کر چکے ہیں

ایڈیلیڈ میں نو دسمبر سے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کی کمان وراٹ کوہلی کو سونپ دی گئی ہے۔

بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے ریگولر کپتان مہندر سنگھ دھونی فٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

کوہلی نے میچ سے ایک دن پہلے پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’ہاں، ایڈیلیڈ میں کپتانی میں کروں گا۔‘

نوجوان بھارتی بلے باز ون ڈے میچوں میں بھارت کی کپتانی کر چکے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ کسی ٹیسٹ میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

مہندر دھونی سنیچر کو آسٹریلیا پہنچے ہیں لیکن وہ اپنے انگوٹھے کی چوٹ سے پوری طرح صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں۔

کوہلی نے کہا، ’اگرچہ دھونی پہلے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے لیکن ان کے آ جانے سے ہمارا حوصلہ کافی بڑھا ہے۔‘

امید کی جا رہی ہے کہ دھونی، 17 دسمبر سے برزبین میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ تک فٹ ہو جائیں گے۔