فل ہیوز کی ماتمی تقریب منسوخ

فلپ ہیوز کی ناگہانی موت نے دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو سوگوار کر دیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنفلپ ہیوز کی ناگہانی موت نے دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو سوگوار کر دیا ہے

آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی یاد میں منعقد ہونے والی سرکاری ماتمی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 25 سالہ بلے باز ہیوز گذشتہ ماہ ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور دو دن بعد ان کا ہسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔

نیو ساؤتھ ویلز ریاست کے وزیراعلیٰ مائیک برڈ نے کہا کہ انھوں نے یہ فیصلہ آسٹریلوی کرکٹ حکام اور ہیوز کے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

برڈ کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ بدھ فلپ ہیوز کے جنازے میں عوام کو شرکت کا موقع مل گیا تھا اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے اس میں شرکت بھی کی تھی، لہٰذا کھلاڑی کے اہلِ خانہ سمیت تمام افراد اس بات پر متفق ہیں کہ اب سرکاری ماتمی تقریب منعقد کرنے کی ضرورت نہیں۔

انھوں نے گذشتہ ہفتے ٹیلی وژن پر براہِ راست دکھائے والے جنازے کی تقریب کو شاندار قرار دیا اور کہا کہ اس میں شرکت ان کے لیے اعزاز تھی۔

ہیوز کے آبائی شہر میکسویل میں ہونے والی سروس میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ ڈیرن لیمین اور ماضی کے عظیم کھلاڑی شین وارن اور برائن لارا سمیت پانچ ہزار افراد شریک ہوئے تھے۔

ماضی میں ہیمپشائر، مڈل سیکس اور ووسٹرشائر کی نمائندگی کرنے والے فلپ ہیوز ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ میں شان ایبٹ کا باؤنسرگردن کے اوپری حصے پر لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔

بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز چار دسمبر کو برزبین میں شروع ہونی تھی مگر ہیوز کے جنازے کی وجہ سے اس کی تاریخ تبدیل کر دی گئی تھی۔ اب اس کا آغاز منگل کے روز سے ایڈیلیڈ میں ہو گا۔