آسٹریلیا اور بھارت کا پہلا ٹیسٹ چار کی بجائے نو دسمبر سے

25 سالہ فل ہیوز کی ناگہانی موت پر آسٹریلوی ٹیم کے ارکان صدمے کا شکار ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن25 سالہ فل ہیوز کی ناگہانی موت پر آسٹریلوی ٹیم کے ارکان صدمے کا شکار ہیں

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ اب پانچ دن کی تاخیر سے شروع ہوگا۔

چار دسمبر سے شروع ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ نوجوان آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی ناگہانی موت کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ٹوئٹر پر نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ اب چار دسمبر کی بجائے نو دسمبر سے شروع ہوگا اور یہ برسبین میں نہیں بلکہ ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

فل ہیوز کی آخری رسومات تین دسمبر کو نیوساؤتھ ویلز میں واقع ان کے آبائی قصبے میکس ویلے میں ادا کی جائیں گی۔

وہ گذشتہ منگل کو سڈنی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران گردن پر گیند لگنے کے بعد بےہوش ہوگئے تھے اور جمعرات کو ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

اس سے پہلے آسٹریلوی کرکٹ حکام نے ٹیسٹ میچ کے التوا کی وجہ کھلاڑیوں کی جذباتی صورتحال بتائی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہم یہ نہیں چاہتے اور نہ چاہیں گے کہ ہمارے کھلاڑی جذباتی صورت حال میں کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سوگ منا رہے ہیں اور ان سے یہ امید کرنا بےجا ہے کہ وہ تدفین کے دوسرے دن پانچ دنوں تک جاری رہنے والا انتہائی دباؤ والا ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔

پہلے ٹیسٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کا اثر دوسرے ٹیسٹ پر بھی پڑا ہے جو اب 17 سے 21 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

میلبرن میں ہونا والا تیسرا ٹیسٹ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے حساب سے باکسنگ ڈے پر یعنی 26 دسمبر کو ہی شروع ہوگا جبکہ سڈنی میں شروع ہونا والا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ اب چھ جنوری کو ہوگا۔