فل ہیوز کو خراجِ عقیدت: آسٹریلیا اور بھارت کا پہلا ٹیسٹ ملتوی

،تصویر کا ذریعہGetty
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار دسمبر سے شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ فل ہیوز کی موت کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے اور نہ چاہیں گے کہ ہمارے کھلاڑی جذباتی صورت حال میں کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔
جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بھلائی کے حوالے سے ہماری ترجیحات واضح ہیں۔ وہ سوگ منا رہے ہیں اور ان سے یہ امید کرنا بے جا ہے کہ وہ دوسرے دن پانچ دنوں تک جاری رہنے والا انتہائی دباؤ والا ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔
آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران سر پر شدید چوٹ لگنے کے دو روز بعد جمعرات کو چل بسے تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق بیٹسمین فل ہیوز کی آخری رسومات بدھ کوگرینچ کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے نیوساؤتھ ویلز میں واقع ان کے آبائی قصبے میکس ویلے میں ادا کی جائیں گی۔
بیان کے مطابق فل ہیوز کی آخری رسومات میکس ویلے ہائی سکول جہاں انھوں نے تعلیم حاصل کی میں ادا کی جائیں گی اور یہ تقریب ایس سی سی ٹرسٹ اور ایڈیلیڈ اوول میں بڑی سکرینوں پر براہِ راست دکھائی جائے گی۔



