پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستانی بولرز نے ابتدائی تین اوورز میں تین وکٹیں حاصل کیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی بولرز نے ابتدائی تین اوورز میں تین وکٹیں حاصل کیں

دبئی میں سیریز کے پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان نے 136 رنز کا ہدف اننگز کے آخری 20ویں اوور کی پہلی گیند پر تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89439" platform="highweb"/></link>

پاکستان اننگز کا خاص بات اوپنر سرفراز احمد کی ناٹ آوٹ رہتے ہوئے 76 رنز کی اننگز تھی۔ عمر اکمل 27 رنزپر ناٹ آؤٹ رہے۔

سرفراز احمد نے عمدہ بیٹنگ کی اور دو چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسرفراز احمد نے عمدہ بیٹنگ کی اور دو چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے

اس سے پہلے پاکستان کے لیے سرفراز احمد اور اویس ضیا نے اننگز شروع کی اور 50 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ اویس کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا۔ انھوں نے 20 رنز بنائے۔

اس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف دو رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

حفیظ کے بعد حارس بیٹنگ کے لیے آیے لیکن زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹھہرے اور 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے ساتویں اوور میں پاکستان کو ایک چانس اس وقت بھی ملا جب امپائر نے نیتھن میککلم کی گیند پر اویس ضیا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ نہیں دیا جبکہ ہاک آئی کے مطابق گیند وکٹوں کے بالکل سامنے ان کی ٹانگ پر لگی تھی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے تھے جس میں مہمان ٹیم کے لیے کورے اینڈرسن چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

ان کے علاوہ گپٹل اور رونکی نے بالترتیب 32 اور 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستانی بولروں کی ابتدائی تین اوورز میں تین وکٹوں سے نیوزی لینڈ کی ٹیم آغاز میں دباؤ میں آئی لیکن چوتھی وکٹ کے لیے مارٹن گپٹل اور کورے اینڈرسن کے درمیان 46 رنز کی شراکت نے یہ دباؤ ختم کیا۔

کورے اینڈرسن کو ابتدا میں ہی محمد عرفان کے باؤنسر نےگڑبڑا دیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکورے اینڈرسن کو ابتدا میں ہی محمد عرفان کے باؤنسر نےگڑبڑا دیا

بعدازاں رونکی اور اینڈرسن نے 51 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور سہیل تنویر نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ شاہد آفریدی، رضا حسن اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسرا ٹیسٹ بمشکل برابر کرنے اور تیسرے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کا سامنا کرنے والی پاکستانی ٹیم کی حالیہ چند ماہ میں محدود اوورز کی کرکٹ میں کارکردگی کچھ اچھی نہیں رہی۔

نیوزی لینڈ کی آمد سے قبل متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی ٹیم نے اسے واحد ٹی 20 اور پھر ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست دی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک نو ٹی 20 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے چھ جیتے اور تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔