پاکستانی باکسر ایشیئن گیمز کے سیمی فائنل میں

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی باکسر محمد وسیم جنوبی کوریا کے شہر انچن میں جاری ایشیئن گیمز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
محمد وسیم نے 52 کلوگرام (فلائی ویٹ) کیٹگری کے کوارٹر فائنل میں کرغزستان کے عزت یوسینالیف کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کر دیا۔
کوارٹر فائنل کا مقابلہ جاری تھا کہ پہلے منٹ میں کرغزستان کے باکسر کی آنکھ کے اوپر کٹ لگا جس پر ریفری کو مقابلہ روک دینا پڑا۔
محمد وسیم سیمی فائنل میں ازبکستان کے شخوبیدن زوئروف سے مقابلہ کریں گے۔
محمد وسیم اس وقت پاکستان کے سب سے کامیاب باکسر سمجھے جاتے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں منعقدہ دولتِ مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
دیگر کھیلوں میں پاکستانی کبڈی ٹیم نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا۔
والی بال میں پاکستان نے میانمار کو شکست دے دی۔
پاکستان ایشیائی کھیلوں میں ہاکی مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔
ایشیئن گیمز کے ہاکی کے سیمی فائنل منگل کو کھیلے جا رہے ہیں جہاں پاکستانی ہاکی ٹیم ملائشیا کامقابلہ کرے گی، جبکہ بھارت کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا۔



