ایشیئن گیمز کرکٹ میں پاکستان کا گولڈ میڈل

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان نے انچن میں جاری ایشیئن گیمز خواتین کرکٹ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو چار رنز سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔
بارش سے متاثرہ اس میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس طریقۂ کار سے کیا گیا۔
میچ کے دوران بارش کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹیم کو سات اووروں میں 43 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم وہ مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 38 رنز بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رومانہ احمد اور فرغانہ حق نے دس، دس رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ بنگلہ دیش کی دیگر بلے باز پاکستانی بولروں کی عمدہ بولنگ کا سامنا نہ کر سکیں اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
بنگلہ دیش کی سات بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسے میں نہ پہنچ سکا۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، سعدیہ یوسف اور ثنا میر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے پاکستان کی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ بسمہ معروف نے 24 اور نین عابدی نے 18 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رومانہ احمد نے دو، سلمیٰ خاتون، جہاں آرا عالم اور فہیمہ خاتون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔



