جسٹس سائر علی پی سی بی کے الیکشن کمشنر مقرر

امکان ہے کہ شہریار خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیرمین منتخب ہو جائیں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنامکان ہے کہ شہریار خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیرمین منتخب ہو جائیں گے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نےجسٹس ریٹائرڈ محمد سائر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا الیکشن کمشنر مقرر کردیا ہے۔

اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یہ تقرری سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کی گئی ہے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے مطابق الیکشن کرانے کے لیے کہا گیا ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ محمد سائر علی پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کی شق سات ( دو ) کے تحت قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داری نبھاتے ہوئے 30 روز میں انتخابات کرائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن بھی ہیں، نجم سیٹھی اور شہریار خان کو گورننگ بورڈ کا رکن نامزد کیا ہے۔ شہریارخان کی نامزدگی اقبال عمر کی جگہ عمل میں آئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے تحت ہونے والے پہلے الیکشن میں گورننگ بورڈ کے 10 ارکان حصہ لیں گے جن میں قائداعظم ٹرافی کی چار سرفہرست ٹیموں کے ریجن اور چار ڈپارٹمنٹس کے نمائندوں کے علاوہ وزیراعظم کے نامزد کردہ دو نمائندے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نجم سیٹھی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں لہٰذا یہ بات یقینی دکھائی دے رہی ہے کہ شہریار خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہو جائیں گے۔

شہریارخان اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔