ذکا اشرف کی بحالی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ چوہدری ذکا اشرف کو عدالتی حکم پر اُن کے عہدے پر بحال کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیہ دوسری مرتبہ ہے کہ چوہدری ذکا اشرف کو عدالتی حکم پر اُن کے عہدے پر بحال کیا گیا ہے
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

وفاقی حکومت نے چوہدری ذکا اشرف کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بحالی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف یہ درخواست منگل کو بین الصوبائی رابطوں کی وزارت کی طرف سے عاصمہ جہانگیر کی وساطت سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ بدھ سے اس درخواست کی سماعت کرے گا۔

اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ چوہدری ذکا اشرف کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی بحالی کے عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور نجم سیٹھی سمیت دیگر افراد کو اُن کے عہدوں پر بحال کیا جائے۔

اس سے پہلے بین الصوبائی رابطوں کی وزارت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل واپس لے لی تھی اور عدالت عالیہ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج نور الحق قریشی نے چوہدری ذکا اشرف کی طرف سے برطرفی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ سُناتے ہوئے اُن کی برطرفی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اُنھیں دوبارہ بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعینات کرنے کا حکم دیا تھا۔

نجم سیٹھی سمیت دیگر افراد کو اُن کے عہدوں پر بحال کیا جائے: درخواست

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننجم سیٹھی سمیت دیگر افراد کو اُن کے عہدوں پر بحال کیا جائے: درخواست

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ چوہدری ذکا اشرف کو عدالتی حکم پر اُن کے عہدے پر بحال کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد الیاس کو اُن کے عہدے پر بحال کر دیا تھا جس کے خلاف نجم سیٹھی کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی انٹراکورٹ اپیل دائر نہیں کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے معین خان کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا جبکہ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے۔

موجودہ چیئرمین چوہدری ذکا اشرف نے ان افراد کے مستقبل کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم اُنھوں نے عہدہ سنبھالتے ہی کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کو اُن کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔