نیمار زخمی ہونے کے باعث ورلڈ کپ سے باہر

،تصویر کا ذریعہAP
برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار زخمی ہونے کے سبب اب ورلڈ کپ 2014 کا کوئی میچ نہیں کھیل پائیں گے۔
نیمار کولمبیا کے خلاف کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں زخمی ہوگئے۔ یہ میچ برازیل نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔
<link type="page"><caption> نیمار برازیل کی امیدوں کا مرکز</caption><url href="Filename: http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2014/06/140611_neyman_brazil_hopes_gh.shtml" platform="highweb"/></link>
بائیس سالہ نیمار کولیمبیا کے کھلاڑی جوان زونیگا کا گھٹنا کمر میں لگنے کے سبب میدان میں گر گئے تھے اور انھیں سٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا جس کے بعد انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ٹیم کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ نیمار کے ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا ہے۔
ٹیم کے کوچ لوئز فیلپ کا کہنا ہے کہ ’نیمار کو تین میچوں سے نشانہ بنایا جا رہا تھا اور یہ تو ہونا ہی تھا۔‘
ٹیم کے ڈاکٹر روڈریگو لاسمر نے برزیل کے کھیلوں کے چینل کو بتایا کہ ’بدقسمتی سے وہ اب نہیں کھیل سکیں گے۔‘
’یہ اس لحاظ سے سنجیدہ نہیں ہے کہ آپریشن کی ضرورت پڑے تاہم ان کی صحت یابی کے لیے ان کا آرام بہت ضروری ہے۔‘ ان کے مطابق نیمار کی صحت یابی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
اس سے پہلے دوسرے مرحلے میں چِلی کے خلاف میچ میں انھیں ران اور گھٹنے پر چوٹیں آئی تھیں۔ انھوں نے ورلڈ کپ 2014 میں نے برازیل کے تمام پانچ میچ کھیلے اور چار گول کیے۔
نیمار کھیل کے 88 ویں منٹ میں میدان سے باہرگئے اور ہینریق ان کے متبادل کے طور پر آئے۔
برازیل کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں جرمنی سے ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service



