’نیمار کو میدان میں اتارنے کی ہر ممکن کوشش‘

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل کی فٹبال ٹیم کے کوچ لوئی فیلپ سکولاری پرامید ہیں کہ سٹار کھلاڑی نیمار جمعے کو کولمبیا کے خلاف میچ سے پہلے انجری سے صحت یاب ہو جائیں گے۔
سنیچر کو ورلڈ کپ 2014 کے دوسرے مرحلے میں برازیل نے پنلٹی ککس پر چلی کو ہرا کر کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا جہاں اس کا مقابلہ کولمبیا سے ہوگا۔
اس میچ میں 22 سالہ نیمار نے پانچویں پنلٹی کک پر گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم وہ ران پر کک لگنے سے زخمی ہو گئے۔
فیلپ سکولاری نے کہا کہ ہے کہ وہ نیمار کو میدان میں لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
برازیلی کوچ نے اس میچ کے ریفری ہاورڈ ویب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سٹار کھلاڑی کو میچ میں بچانے میں ناکام رہے۔
فیلپ سکولاری کے مطابق میچ کے 75ویں منٹ میں نیمار کی ران پر چلی کے کھلاڑی نے ایک زوردار کک ماری لیکن ہمیں سمجھ نہیں آیا کہ کس طرح اتنی زور سے کک مارنے کے باوجود ریفری نے کھلاڑی کو کارڈ تک نہیں دیکھایا۔
سنیچر کے میچ میں برازیل اور چلی ایک ایک گول سے برابری پر تھیں تو میچ ایکسٹرا ہاف میں چلا گیا۔ ایکسٹرا ہاف کے تیس منٹوں کے کھیل میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔
چلی کے گول کیپر براؤ نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی یقینی گول بچائے لیکن پنلٹی شوٹ آؤٹ میں وہ اپنے حریف ژولیو سیزر کو مات نہ دے سکے جس نے دو پنٹلی ککس بچا کر برازیل کو ٹورنامنٹ میں رکھا۔



