نیمار اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ’دنیا کے سب سے اچھے کمرے‘ میں

میکسیکو کے خلاف نیمار کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور گول کرنے کے یقینی موقعے گول کیپر نے ختم کر دیے اور اس کے بعد نیمار اپنی گرل فرینڈ سے ملنے ریو ڈی جنیرو پہنچے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمیکسیکو کے خلاف نیمار کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور گول کرنے کے یقینی موقعے گول کیپر نے ختم کر دیے اور اس کے بعد نیمار اپنی گرل فرینڈ سے ملنے ریو ڈی جنیرو پہنچے
    • مصنف, شوبھن سکسینہ
    • عہدہ, برازیل سے بی بی سی کے لیے

بدھ کو فورٹا لیزا میں میکسیکو کے خلاف ایک سخت مقابلے کے بعد جب برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار کو ایک دن کی فرصت ملی تو وہ وہاں سے براہ راست اپنی گرل فرینڈ برونا مارکوئزین سے ملنے اور ان کے ساتھ فرصت کے لمحات گزارنے کے لیے ریو ڈی جنیرو جا پہنچے۔

برونا اداکارہ ہیں اور ٹی وی سیریل ’دا فیملی‘ میں کام کرتی ہیں۔ انھوں نے بھی اپنے معمولات میں تبدیلیاں کیں اور نیمار کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے فرصت نکال لی۔ اس کے بعد اس نوجوان جوڑے نے ریو ڈی جنیرو کے روایتی پڑوسی سینٹا ٹریسا کے ایک لگژری ہوٹل میں چیک ان کیا۔

اطلاعات کے مطابق دونوں ہوٹل کے سب سے مہنگے کمرے ’لافٹ سویٹ‘ میں ٹھہرے جس کا ایک دن کا کرایہ چار ہزار پاؤنڈ یعنی ساڑھے چھ لاکھ پاکستانی اور چار لاکھ ہندوستانی روپے سے زیادہ آتا ہے۔

’وال پیپر‘ نامی ميگزین کے مطابق یہ دنیا کا بہترین ڈیزائن کردہ سویٹ ہے۔

کچھ کھٹا، کچھ میٹھا

دفا‏عی چیمپیئن سپین کی پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر مداحوں پر جو گزری اس کا ایک منظر یہ بھی ہے

،تصویر کا ذریعہAllsport

،تصویر کا کیپشندفا‏عی چیمپیئن سپین کی پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر مداحوں پر جو گزری اس کا ایک منظر یہ بھی ہے

دفاعی ورلڈ کپ چیمپئن سپین کی چلّی کے ہاتھوں شکست کے بعد سوشل نیٹ ورک پر اس وقت ایک تنازع اٹھ کھڑا ہوا جب برازیل کے ادیبوں اور فنکاروں نے ٹیم کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔

سپین کی قومی ٹیم کی شکست کے بارے میں بہت سے مشاہیر نے اپنی آرا کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے میچ میں سپین کو نیدرلینڈز کی ٹیم نے ایک کے مقابلے پانچ گول سے شکست دی تھی۔

برازیل کے معروف فنکار كیٹانو ویلوسو نے اس موقعے پر اپنے شو ’اے بگ ہگ‘ کی تشہیر کا موقع ضائع نہیں کیا اور لکھا: ’چلی کے لیے بگ ہگ (پرجوش بغل گیری) جس نے ابھی ماراكانا میں سنہ 2014 کا ورلڈ کپ جیتا اور دنیا بھر کے لوگ اسے گلے لگا رہے ہیں۔

کمیڈین ہنری كیسٹیلی نے ٹوئٹر پر لکھا: ’چلی نے سپین کو جو چاکلیٹ دی ہے وہ بہت اچھی ہے۔‘ انھوں نے مذاق اڑاتے ہوئے لکھا: ’ٹکٹ پروموشن: 22 لوگوں کے گروپ کو ریو سے میڈرڈ کی پرواز پر خصوصی رعایت۔‘

لیکن اس شکست اور ورلڈ کپ سے باہر ہو جانے کے باوجود سپین کے گلوکار الیہاندرو سانز نے ہمت نہیں ہاری اور انھوں نے ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ایک اچھا پیغام بھیجا: ’میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں، جس نے ہمیں بہت سی خوشیاں دی ہیں۔‘

ماراكانا میں چلی کی سونامی

چلی کے مداحوں نے طرح طرح سے سٹیڈیم میں گھسنے کی کوششیں کیں اور اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی میں کوئی دقیقہ باقی نہیں چھوڑا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنچلی کے مداحوں نے طرح طرح سے سٹیڈیم میں گھسنے کی کوششیں کیں اور اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی میں کوئی دقیقہ باقی نہیں چھوڑا

بدھ کو سپین کے خلاف میچ سے پہلے ریو ڈی جنیرو کے ماراكانا سٹیڈیم میں چلی کے مداحوں اور پرستاروں کا ایک ہجوم امڈ آیا۔ جنوبی امریکی ممالک کے تقریباً ایک سو مداح میچ سے ایک گھنٹہ قبل ہی میڈیا سینٹر میں گھس کر وہاں ہلچل مچا دی۔

ان کا دعویٰ تھا کہ وہ میڈیا سے تعلق رکھتے ہیں اور چونکہ ان کے پاس کوئی پاس یا ٹکٹ نہیں تھا، اس لیے وہ دروازہ کھلتے ہی دوڑتے ہوئے میڈیا سینٹر میں داخل ہو گئے۔

جہاں ایک گروپ کو روکا گیا وہیں دوسرا لیکن قدرے مختصر گروپ بچ بچا کر سٹیڈیم میں داخل ہونے میں کامیاب رہا۔ چلی کے مداحین نے وہاں انتشار کا سا ماحول پیدا کر دیا اور اسی بیچ میڈیا سینٹر میں رکھے تین ٹی وی سیٹ ٹوٹ گئے اور بعض میزیں اور لکڑی کی دیواریں ٹوٹ گئیں۔

سکیورٹی فورسز کے لوگ اب سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ان لوگوں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

برازیل کے کیا کہنے

برازیل کے سواحل پر رنگ کو گندمی اور ملیح کرنے کا رواج خواتین میں پہلے سے رہا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنبرازیل کے سواحل پر رنگ کو گندمی اور ملیح کرنے کا رواج خواتین میں پہلے سے رہا ہے

اٹلی نے انگلینڈ اور جرمنی نے پرتگال کے خلاف شاندار جیت سے اپنے ورلڈ کپ کی ابتدا کی۔ لیکن برازیل میں صرف کھلاڑی ہی اچھے مواقع سے لطف اندوز نہیں ہو رہے ہیں بلکہ کھلاڑیوں سے منسلک اور ان سے تعلق رکھنے والی حسینائیں بھی برازیل میں لطف اندوز ہونے کا کوئی موقع چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔ ان میں سے ایک جوڑے نے تو بدھ کو دکھا دیا کہ وہ ورلڈ کپ کے دوران کس طرح کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

اٹلی کے سٹرائیکر بالوٹیلي کی اہلیہ فینی نیگوئشا نے ریو ڈی جنیرو کے ایک ریزورٹ میں دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی ایک تصویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی۔

دھوپ سے لطف اندوز ہونے میں جرمنی کے سٹرائیکر آندرے شرل کی اہلیہ موٹانا یارکے بھی ان سے پیچھے نہیں تھیں۔ واضح رہے کہ آندرے نے پرتگال کے خلاف دوسرے نصف میں جرمنی کی نمائندگی کی تھی۔

برازیل کے مناظر اور اپنے رنگ کو گندمی اور ملیح کرنے کے علاوہ موٹانا یارکے نے برازیل میں اپنے قیام کی تعریف کی۔ انھوں نے برازیل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: ’مجھے برازیل میں یہ طرز زندگی پسند آ رہا ہے۔‘

برازیل کے ساحلوں پر رنگ کو گندمی اور ملیح کرنے کا رواج خواتین کھلاڑیوں میں زیادہ رہا ہے۔ منگل کو ڈچ دی یونگ کی بیگم وینونا دی یونگ نے کوپاکابنا ساحل کی اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔