جواری کی ایک میچ پر 50 لاکھ ڈالر کی شرط

،تصویر کا ذریعہAP
چین کے خصوصی انتظامی علاقے مکاؤ پولیس نے جوئے کے دو اڈوں پر چھاپہ مار کر ورلڈ کپ فٹبال مچیوں پر لگنے والی شرطوں کے لاکھوں ڈالر قبصے میں لے لیے ہیں۔
حکام نے مکاؤ میں واقع ہوٹل پر دو چھاپے مار کر 26 افراد کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جواری پوری دنیا سے ٹیلی فون اور آن لائن کے ذریعے فٹبال کے میچوں پر شرطیں لگا رہے تھے۔
پولیس کو چھاپوں کے دوران ایک جواری کی جانب سے فٹبال میچ کے دوران 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی شرط کے شواہد ملے ہیں۔
مکاؤ پولیس نے جمعرات اور جمعے کو ہوٹل میں چھاپے مارے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں پہلے چھاپے کے دوران جوئے کی ایک ایسی تنظیم کا پتہ چلا جو ہوٹل کے تین کمروں میں اپنا کام کر رہی تھی۔
پولیس حکام کو اس چھاپے میں جوئے کے اکاؤنٹس اور بڑی تعداد میں نقد رقم بھی ملی۔
اس چھاپے میں گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق چین، ہانگ کانگ اور ملیشیا سے تھا۔
پولیس نے ان افراد کو ہتھکڑیاں لگا کر میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
خیال رہے کہ چین میں جوا زیادہ تر غیر قانونی ہے تاہم مکاؤ میں اس کی اجازت ہے جبکہ ہانگ کانگ کے کچھ علاقوں میں کھلے عام جوا کھیلنےکی اجازت ہے۔



