فٹبال ورلڈ کپ: میسی میدان میں اتر آئے

،تصویر کا ذریعہAFP
برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈکپ کے دوران سنیچر کو تین میچ کھیلے جا رہے ہیں جن میں گروپ ایف کی تمام اور گروپ ایچ کی دو ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
دن کا پہلا میچ گروپ ایف کی دو ٹیموں ارجنٹائن اور ایران کے مابین شروع ہو گیا ہے ۔
اس میچ میں ارجنٹائن کی ٹیم کے 3۔3۔4 کی فارمیشن کے ساتھ ہی میدان میں اترنے کی امید ہے اور سٹرائیکر گونزالو ہیگوین کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
یہ ارجنٹائن کے مڈفیلڈر ہاویئر میسکارانو کا اپنے ملک کے لیے سوواں میچ ہوگا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ارجنٹائن کے چوتھے کھلاڑی ہیں۔
ارجنٹائن نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ بوسنیا ہرزوگووینیا کے خلاف دو ایک کے سکور سے فتح حاصل کی تھی اور ایران کے خلاف فتح اگلے مرحلے میں اس کی رسائی یقینی بنا دے گی۔
بوسنیا کے خلاف میچ میں مخالف ٹیم کے دفاعی کھیل کی وجہ سے ارجنٹائن کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایران کے خلاف میچ میں بھی اسے ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہREUTERS
ایران نے نائجیریا کے خلاف میچ میں انتہائی دفاعی انداز اپنایا تھا اور اسی وجہ سے وہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا اور اسے اب تک اس ورلڈ کپ کا سب سے بور میچ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
ارجنٹائن کے خلاف میچ کے لیے ایرانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
دن کے دوسرے میچ میں گروپ ایچ میں شاندار آغاز کرنے والی جرمن ٹیم افریقی ملک گھانا کے مدِمقابل ہوگی۔
پرتگال کے خلاف چار گول کی شاندار فتح کے بعد جرمنی کو اس ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جانے لگا ہے اورگولوں کے بہتر فرق کی وجہ سے اس میچ میں فتح جرمنی کی اگلے مرحلے میں رسائی یقینی بنانے کے لیے کافی ہوگی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس میچ میں جرمنی کے دفاعی کھلاڑی میٹس ہملز کی شرکت مشکوک ہے جن کی ران پر پرتگال کے خلاف میچ میں چوٹ لگی تھی۔
انھیں میچ سے قبل فٹنس کا ثبوت دینے کا ہر موقع دیا جائے گا لیکن چاہے وہ فٹ ہوں یا نہیں کپتان فلپ لاہم مڈفیلڈ میں دفاعی کردار ہی ادا کریں گے۔
گھانا کی جانب سے مائیکل ایسیان پیر کی انگلی میں چوٹ سے صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم میں شمولیت کے لیے دستیاب ہیں۔
گھانا کو ورلڈ کپ میں اپنی بقا کے لیے یہ میچ لازماً جیتنا ہے کیونکہ امریکہ کے بعد جرمنی سے شکست اسے ورلڈ کپ سے باہر کر دے گی۔
سنیچر کو آخری میچ میں گروپ ایف کی ٹیمیں نائجیریا اور بوسنیا مدِمقابل ہوں گی اور بوسنیا کے لیے یہ میچ بہت اہم ہے کیونکہ اس میں شکست اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دے گی۔



