سیلواڈور میں فرانس کا راج، کوئرتیبا میں ایکواڈور فاتح

،تصویر کا ذریعہGetty
برازیل میں جاری ورلڈ کپ میں ورلڈ کپ میں جمعے کو کھیلے گئے گروپ ای کے میچوں میں فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو اور ایکواڈور نے ہونڈاروس کو شکست دے دی ہے۔
پہلے میچ میں فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔
اس فتح کے نتیجے میں جہاں فرانس گروپ ای میں سرفہرست آ گیا ہے وہیں اس کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات بھی روشن تر ہوگئے ہیں۔
اس میچ میں سوئس ٹیم فرانس کے سامنے ایک کلب درجے کی ٹیم نظر آئی۔
میچ کے دوران سوئس گول پر لگاتار حملوں کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ صرف سوئس گول کیپر اور فرانسیسی سٹرائیکرز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
سیلواڈور میں کھیلے جانے والے میچ کی شروعات نسبتاً آہستہ رہیں تاہم ابتدائی 15 منٹ کے بعد فرانس کے کھیل اور حملوں میں تیزی آ گئی۔
اس تیزی کا نتیجہ میچ کے 17 ویں منٹ میں 20 سیکنڈز کے فرق سے فرانس کے دو گولوں کی شکل میں برآمد ہوا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
پہلا گول اس ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اولیویئر جیروڈ نے کارنر کک پر ہیڈر کے ذریعے کیا۔ یہ فرانس کا ورلڈ کپ میں سوواں گول بھی تھا۔
اس کے چند لمحے بعد ہی بلائیس میتوئیدی کے گول کی بدولت فرانس کی برتری دوگنی ہوگئی۔
فرانس کی اس برتری کو ختم کرنے کے لیے سوئس فارورڈ زاہکا نے گول تو کیا لیکن ریفری نے پہلے ہی آف سائیڈ کا جھنڈا بلند کر دیا تھا اور یوں یہ کوشش رائیگاں گئی۔
اسی دوران فرانسیسی سٹرائیکر کریم مصطفیٰ بینزیما کو سوئٹزرلینڈ کے دفاعی کھلاڑی ڈجورو نے ڈی میں گرا دیا جس پر فرانس کو پنلٹی مل گئی۔
پنلٹی لگانے کا موقع بینزیما کو ہی دیا گیا لیکن ان کی کک سوئس کیپر بینگالیو نے روک لی اور فرانس کی برتری میں اضافے کا موقع کچھ دیر کے لیے ٹل گیا۔
جلد ہی فرانس کے لیے پہلا گول کرنے والے جریئود نے سوئس ڈی میں والبوئیناکو ایک عمدہ پاس دیا جنھوں نے برتری تین گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی۔
بینزما پنلٹی پر تو گول نہ کر سکے لیکن 67ویں منٹ میں انھوں نے سوئس دفاعی کھلاڑی کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کا چوتھا گول کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ میں بینزیما کا تیسرا انفرادی گول تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
میچ کے 73 ویں منٹ میں موسیٰ سیسوکو کے گول کی بدولت جب فرانس نے پانچ صفر کی برتری حاصل کی تو لگتا تھا کہ سوئس ٹیم ہمت ہار بیٹھی ہے۔
تاہم پانچ گول کے خسارے میں جانے کے بعد آخری چند منٹ میں سوئس ٹیم نے دو گول کر کے سکور کچھ بہتر بنا دیا۔
کھیل کے آخری لمحے میں کریم بینزیما نے فرانس کی جانب سے چھٹی بار گیند سوئس گول میں پہنچائی لیکن یہ گول اس لیے قبول نہیں کیا گیا کہ ریفری گیند گول میں پہنچنے سے پہلے میچ ختم ہونے کی سیٹی بجا چکے تھے۔
ایکواڈور بمقابلہ ہونڈاروس
گروپ ای کا دوسرا میچ وسطی امریکہ کے دو ممالک ہونڈاروس اور ایکواڈر کے مابین کھیلا گیا جو گولوں سے زیادہ دونوں ٹیموں کے جارحانہ ٹیکلز اور فاؤلز کے لیے یاد رکھا جائے گا۔
یہ میچ ایکواڈور نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیتا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
میچ میں ہونڈوارس کی ٹیم نے کاسٹلی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ یہ ہونڈوراس کا 32 سال میں پہلا ورلڈکپ گول تھا۔
اس گول کو جلد ہی مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے کلب فٹبال کھیلنے والے ایکواڈور کے مڈفیلڈر بیلینسیا نے برابر کر دیا۔
یہ بیلینسیا کا پہلا انٹرنیشنل گول تھا اور دوسرے گول کے لیے بھی انھیں زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور اگلے ہاف میں کھیل کے 65ویں منٹ میں انھوں نے ایکواڈور کے لیے دوسرا اور فیصلہ کن گول کر دیا۔
اس میچ میں ہونڈوراس کے دو گول مسترد کیے گئے جن میں ایک میں کھلاڑی آف سائیڈ تھا جبکہ دوسرے میں گیند اس کے ہاتھ پر لگی تھی۔
اس فتح کے نتیجے میں ایکواڈور کی ٹیم گروپ میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ اس وقت گروپ ای میں فرانس پہلے، سوئٹزرلینڈ تیسرے اور ہونڈاروس چوتھے نمبر پر ہے۔



