فٹبال ڈائری: الجیریائی ٹیم کے لیے شراب غائب اور ایران کا مشن میسی

،تصویر کا ذریعہAFP
الجيريائی ٹیم کے لیے شراب نہیں
الجيريائی ٹیم جمعے کو پورٹو الیگرے پہنچی۔ مگر کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے پہنچنے سے پہلے سکیورٹی کی ایک ٹیم ہوٹل پہنچ چکی تھی تاکہ کھلاڑیوں کو دیے جانے والے کھانے کی جانچ کر سکے۔ سکیورٹی ٹیم نے تمام ریفریجیٹروں سے شراب کو ہٹانے کا حکم دیا اور نماز کے لیے قبلہ رو ایک کمرہ تیار کروایا۔
ہوٹل ڈی ویلے کے منیجر نیلسن گارسیا نے بتایا ’ان میں تمام مسلمان ہیں۔ اس لیے ہم نے ان کی درخواست پر تمام منی بار سے الکوحل ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ اب وہاں کوئی شراب نہیں ہے۔‘
نیلسن گارسیا نے ہوٹل میں الجیریا کی ٹیم کا استقبال کیا۔ دوسرے مہمانوں سے الگ اس پورے فلور پر شراب کا نام و نشان نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہوٹل میں ٹیم کی مذہبی سرگرمیوں کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ایران کا مشن میسی

،تصویر کا ذریعہReuters
ورلڈ کپ کی سب سے کمزور کہی جانے والی ٹیم ایران کا سنیچر کو سب سے مشکل مشن شروع ہوگا کیونکہ اس ایشیائی ٹیم کو ارجنٹائن اور میسی کا سامنا ہوگا اور وہ اپنی پہلی کامیابی کے لیے جی توڑ کوشش کرے گی۔
میسی کی صلاحیتوں سے کا سامنا کرنے کے لیے ایرانی ٹیم کے پرتگالی کوچ کارلوس كویروز نے ایرانی گول کیپر کو ایک مشین کی مدد سے تربیت دی۔ یہ مشین گول کیپر علی رضا حقیقی کی طرف گیند اسی رفتار سے پھینکتی تھی جس تیزی کے ساتھ میسی اور ان کے ساتھی گیند کو گول کی جانب کِک لگاتے ہیں۔
كویروز اس میچ میں درپیش مشکلات پر بہت متفکر ہیں استہزایہ لہجے میں انھوں نے کہا کہ وہ میسی کا سامنا کرنے کے لیے 14 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔ میسی کے بارے میں ان کا کہنا تھا، ’وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔‘
دوسری جانب جنوبی امریکی ٹیم اس ورلڈ کپ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کرنا چاہے گی تاکہ اسے دوسرے راؤنڈ میں جگہ مل سکے۔



