ندال نے نویں مرتبہ فرنچ اوپن جیت لیا

،تصویر کا ذریعہAFP
رافیل ندال نے نووک جاکووچ کو فرنچ اوپن میں ہار کر مسلسل پانچویں مرتبہ اور مجموعی طور پر نویں مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
تین گھنٹے اور اکتیس منٹ تک گرم موسم میں جاری رہنے والے اس میچ میں اٹھائیس سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے فائنل 3 -6، 7-5، 6-2 اور 6-4 سے جیتا۔
ندال پہلے کھلاڑیں ہیں جنہوں نے یہ بڑا عالمی اعزاز نو مرتبہ جیتا ہے اور اس فتح کے بعد ان کے گرینڈ سلیم کے کل اعزازات چودہ ہو گئے ہیں۔
اس فتح کی کا مطلب یہ بھی ہے کہ ندال عالمی درجہ بندی میں جاکووچ سے اوپر اور دنیا کے اوًل نمبر کے کھلاڑی رہیں گے۔
یہ مسلسل تیسرے سال ہوا ہے کہ ندال نے جاکووچ کی گرینڈ سلیم کا اعزاز جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیرا ہے۔
رونلڈ گاروس کے کورٹس پر ندال کا ریکارڈ ناقابلِ یقین ہے اور دس سال میں انھوں نے یہاں صرف ایک میچ ہارا ہے اور چھیاسٹھ میچ جیتے ہیں۔
پہلے سیٹ میں ندال کا یہ ریکارڈ خطرے میں نظر آیا لیکن وہ بعد میں سنبھل گئے۔
ستائیس ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت میں دونوں کھلاڑیوں کو شدید محنت کرنا پڑی اور جلد ہی دونوں کو ٹھنڈے تولیوں کی ضرورت پڑنے لگی۔



