فرنچ اوپن: ندال اور سرینا اعزاز کا دفاع کریں گے

سپین کے ٹینس سٹار رفائل ندال نو میں سے آٹھ مرتبہ فرنچ اوپن میچ میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسپین کے ٹینس سٹار رفائل ندال نو میں سے آٹھ مرتبہ فرنچ اوپن میچ میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں

فرانس کے شہر پیرس میں اتوار سے فرنچ اوپن ٹینس مقابلے شروع ہو رہے ہیں جس میں دنیا کے سرکردہ ٹینس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں جہاں رفائل ندال کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تو وہیں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں سب کی نظریں امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز پر ہوگی کیونکہ یہ دونوں دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔

واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ندال اور سرینا ولیمز کو اول نمبر دیا گيا ہے۔

یہ ٹورنا منٹ 25 مئی سے آٹھ جون تک جاری رہے گا۔

اس سے قبل سپین کے ٹینس سٹار رفائل ندال نو میں سے آٹھ مرتبہ فرنچ اوپن میچ میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

انھیں مٹی کے کورٹ کا ’بادشاہ‘ کہا جاتا ہے اور فرنچ اوپن پر ان کی ’بادشاہت‘ ایک عرصے سے قائم ہے۔

فرنچ اوپن کے مقابلے رولاں گیروز میں مقامی وقت کے مطابق آج صبح 11 بجے شروع ہو رہے ہیں۔

پہلا میچ پولینڈ کی عالمی نمبر تین کھلاڑی ایگنیئسزکا رڈوانسکا اور چین کی شوائی ژانگ کے درمیان ہوگا۔

سرینا ولیمز کا مقابلہ فرانس کی الیزلم سے آج ہو گا۔

سیرینا ولیمز فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپیئن ہیں اور اس بار انھیں فیورٹ بھی قرار دیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسیرینا ولیمز فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپیئن ہیں اور اس بار انھیں فیورٹ بھی قرار دیا جا رہا ہے

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں پہلا مقابلہ کورٹ فلپ چیٹریئر کورٹ پر عالمی نمبر چار سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور سلوواکیا کے لوکاس لاکو کے درمیان ہوگا۔

اس سال انعام کی رقم میں گذشتہ سال کے مقابلے 10 فی صد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مردوں کے سنگلز کے فاتح کو 16 لاکھ 50 ہزار یورو جبکہ اتنی ہی رقم خواتین سنگلز کی فاتح کو بھی ملے گی۔

مقابلے کے رنرز اپ کو آٹھ لاکھ 25 ہزار یورو دیا جائے گا جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والوں کو چار لاکھ 12 ہزار پانچ سو یورو دیے جائیں گے۔