سرینا فرنچ اوپن کی دوسری بار چیمپیئن

امریکہ کی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیم نے روس کی ماریہ شیرپووا کو شکست دے کر خواتین فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا ہے۔
سرینا ولیم کے کیرئیر کا یہ 16واں گرینڈ سلام ٹائٹل ہے جبکہ سال دو ہزار دو کے بعد انہوں نے پہلی بار فرینچ اوپن ٹائٹل جیتا ہے۔
فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سرینا ولیم نے دفاعی چیمپیئن ماریہ شیرپووا کو سٹریٹ سیٹ چھ چار، چھ چار سے شکست دی۔
سرینا ولیم گزشتہ چار گرینڈ سلام ٹورنامنٹس میں تین جیت چکی ہیں۔
فرینچ اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد سرینا ولیم نےشائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا’گیارہ سال بعد آج بہت مشکل تھا، اب میرے پاس سولہ گرینڈ سلام ٹائٹل ہیں لیکن میں آئندہ سال دوبارہ آنا چاہتی ہوں کیونکہ مجھے پیرس اور یہاں کے لوگ پسند ہیں، اور میں یہاں دوبارہ جیتنا چاہتی ہوں‘۔
ماریہ شیرپووا نے کہا کہ’میں نے ایک بہترین ٹورنامنٹ کھیلا ہے، لیکن آج ایک مشکل حریف سے مقابلہ تھا، جو اس سال بہت اچھا کھیل رہی ہیں اور اسی طرح گزشتہ سال بھی، لیکن اس کوٹ سے میری بہترین یادیں وابستہ ہیں،گزشتہ سال بہت ہی اعلیٰ تھا جب میں یہاں جیتی اور اس سال دو بہترین کھلاڑی میں شامل تھی‘۔

عالمی نمبر ایک سرینا ولیم اور نمبر دو ماریہ شیرواپووا نے اپنے اپنے سیمی فائنلز میں مختلف انداز میں اپنے حریفوں کو شکست دی۔
سرینا ولیمز نے اٹلی سے تعلق رکھنے والی سارہ ایرانی کو چھ صفر اور چھ ایک سے شکست دی۔
ماریہ شیروپووا نے اپنے سیمی فائنل میں وکٹوریا ایزارینکا کو چھ ایک، دو چھ اور چھ چار سے شکست دی۔
ماریہ شیرواپووا اور ایزارنکا کے درمیان سیمی فائنل بہت مشکل ثابت ہوا جسے جیتنے کے لیے انہیں کافی محنت کرنی پڑی۔
دوسری جانب سرینا ولیمز اور سارہ ایرانی کے درمیان میچ بہت مختلف اور سرینا کے لیے نسبتاً آسان ثابت ہوا۔



