نڈال، جوکووچ فرنچ اوپن کے سیمی فائنلز میں

فرانس میں جاری فرنچ اوپن ٹینس مقابلوں میں رفائل نڈال اور نواک جوکووچ کوارٹر فائنلز میں اپنے اپنے حریفوں کا ہرا کر مردوں کے فرنچ اوپن سیمی فانلز میں پہنچ گئے ہیں۔
سات بار فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والے رفائل نڈال نے سٹینیسلاس وورنکا کو چھ دو، چھ تین اور چھ ایک سے شکست دی جبکہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے ٹومی ہاس کو چھ تین، سات چھ اور سات پانچ سے ہرا کر سیمی فائنلز میں اپنی جگہ بنائی۔
ان دونوں کے مابین گزشتہ سال کے فرنچ اوپن کا فائنل کھیلا گیا تھا اور اس بار بھی یہ دونوں اس ٹورنامنٹ کے فیورٹ ہیں جن کے مابین اس بار سیمی فائنل جمعے کے روز کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ روجر فیڈرر پہلے ہی کوراٹر فائنلز میں فرانسیسی کھلاڑی جو ولفرڈ تسونگا سے شکست کھانے کے بعد مقابلے سے باہر ہو چکے ہیں۔
سیمی فائنلز میں پہنچنے والے دوسرے دو کھلاڑی جو ولفرڈ تسونگا اور ڈیوڈ فیرر ہیں۔
نڈال نے میچ سے قبل کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کا مقابلہ کروں گا اور میں جانتا ہوں کہ وہ کافی عرصے سے بہترین نتائج دے رہے ہیں۔‘
نڈال نے اپنے بارے میں کہا کہ ’میں اپنے طور کھیلنے کی کوشش کر رہا ہوں، اپنا کھیل پہچان رہا ہوں اور بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہوں اور یہی طریقہ ہے سیمی فائنل میں کھیلنے کا‘۔
نواک جوکووچ نے کہا کہ ’ میں میچ کا منتظر ہوں اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میں ان کا مقابلہ کروں گا ہم قریباً تیس بار ایک دوسرے کا مقابلہ کر چکے ہیں اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم ایک دوسرے کے کھیل سے بخوبی واقف ہیں۔‘
نڈال اور جوکووچ کے مابین سیمی فائنل کے فاتح کا مقابلہ ڈیوڈ فیرر اور ولفرڈ سونگا کے میچ کے فاتح سے ہو گا۔



