رافیل ندال نے اٹالین اوپن جیت لیا

اٹلی کے شہر روم میں کھیلے جانے والے لان ٹینس کے اٹالیں اوپن کے فائنل میں رافیل ندال نے راجر فیڈرر کو شکست دے دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ رافیل ندال نے ساتویں مرتبہ اٹالین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
کلے کورٹ پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے تیرہ مقابلوں میں سے رافیل ندال نے گیارہ میچ جیتے ہیں۔ فائنل میں انھیں راجر فیڈرر کے مقابلے میں فیورٹ خیال کیا جا رہا تھا۔ٹورنامنٹ کے فائنل میں ندال نے توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اُن کے حریف اکتیس سالہ راجر فیڈرر نے کھیل کے آغاز ہی میں کئی غلطیاں کیں۔
سپین کے رافیل ندال نے اٹالین اوپن کے فائنل میں 1-6 اور 3-6 سے کامیابی حاصل کی ہے۔
زخمی ہونے کے بعد ندال سات ماہ تک ٹینس نہیں کھیل سکے تھے۔ فروری میں ٹینس کورٹ میں واپسی کے بعد رافیل ندال نے آٹھ ٹورنامنٹ میں سے چھ ٹورنامنٹ اپنے نام کیے ہیں۔
اپنی لگاتار جیت کے سبب چھبیس سالہ رافیل ندال فام میں ہیں اور وہ پُر اعتماد انداز میں فرنچ اوپن میں شرکت کریں گے۔
رافیل ندال اور راجر فیڈرر اپنے کیرئر میں تیس مرتبہ مدِمقابل آ چکے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے اٹھائیس گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے ہیں۔
.
.
.



