میامی: جوکووچ نے ندال کو ہرا کر سونی اوپن جیت لیا

جوکووچ یہ اعزاز سب سے زیادہ بار جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں اب امریکہ کے پیٹ سیمپرس سے آگے نکل گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنجوکووچ یہ اعزاز سب سے زیادہ بار جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں اب امریکہ کے پیٹ سیمپرس سے آگے نکل گئے ہیں

سربیا کے سٹار ٹینس کھلاڑی نوواك جوکووچ نے اپنے سخت ترین حریف اور ورلڈ نمبر ون سپین کے رفائل ندال کو بار سونی اوپن کا اعزاز جیت لیا۔

26 سالہ عالمی نمبر دو جوکووچ کی رافیئل ندال کے خلاف مسلسل تیسری جیت ہے۔

جوکووچ نے ندال کو 3-6، 3-6 سے مسلسل سیٹوں میں شکست دے کر چوتھی بار اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ٹینس کی دنیا کے دو سرفہرست کھلاڑیوں کے درمیان یہ ریکارڈ 40 واں مقابلہ تھا جس میں ابھی تک ندال کو سبقت حاصل ہے۔

میامی میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جوکووچ نے پہلے سیٹ میں ایک بار اور دوسرے سیٹ میں دو بار ندال کی سروس توڑتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

جوکووچ یہ اعزاز سب سے زیادہ بار جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں اب امریکہ کے پیٹ سیمپرس سے آگے نکل گئے ہیں۔

سب سے زیادہ بار میامی اوپن کو جیتے کا ریکارڈ امریکہ کے آندرے اگاسي کے نام ہے جنہوں نے چھ بار یہ مقابلہ جیتا ہے۔

واضح رہے کہ ابھی ان دونوں کھلاڑیوں کا ٹینس کی دنیا میں طوطی بول رہا ہے اور تمام نو ماسٹرز مقابلوں پر اس وقت ندال اور جوکووچ کا ہی قبضہ ہے۔

جوکووچ اور ندال کے درمیان 40 بار مقابلہ ہوا ہے جس میں ندال نے 22 بار کامیابی حاصل کی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنجوکووچ اور ندال کے درمیان 40 بار مقابلہ ہوا ہے جس میں ندال نے 22 بار کامیابی حاصل کی ہے

جوکووچ نے حال ہی میں انڈین ویلز میں بھی جیت حاصل کی تھی۔

ٹینس کا دور اب امریکہ کے ہارڈ کورٹ سے یورپ کے مٹی کے کورٹ کی طرف جا رہا ہے جہاں ندال کی بادشاہت ہے۔

میامی میں سنگلز کا خطاب جیتنے کے بعد جوکووچ نے کہا: ’میرے لیے یہ ٹورنامنٹ شروع سے آخر تک شاندار رہا۔ ٹورنامنٹ میں وقت کے ساتھ ساتھ میرے کھیل میں بہتری آئی۔‘

دوسری طرف ندال نے کہا: ’کوئی مایوسی نہیں ہے۔ یہی ٹینس کی خوبی ہے۔ میں نے اپنی طرف سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن جوکووچ کا کھیل مجھ سے بہتر رہا۔‘

اس سے قبل خواتین کے سنگلز مقابلوں میں امریکہ کی سٹار کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے چین کی لی نا کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ انھوں نے یہ مقابلہ ساتویں بار جیتا ہے۔