آئی پی ایل میں راجستھان کی شاندار جیت

راجستھان کے اوپنر اجنکیا رہانے نے 50 بالز کھیل کر 64 رن بنائے اور اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنراجستھان کے اوپنر اجنکیا رہانے نے 50 بالز کھیل کر 64 رن بنائے اور اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں جمعرات کو گھیلے گئے ایک میچ میں راجستھان رائلز نے دہلی ڈیئر ڈيولز کو 60 رنز سے شکست دے دی۔

دہلی ڈيئر ڈیولز کو جیت کے لیے 202 رن درکار تھے لیکن راجستھان کی اچھی باؤلنگ کے سبب دہلی کی ٹیم 20 اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر 139 رن ہی سکور کر سکی۔

دہلی کی جانب سے منوج تیواری نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 بالز پر 61 رن سکور کیے۔ میانک اگروال 17 رن اور کپتان کیون پیٹرسن 13 رن بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

اس کے علاوہ کوئی اور بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور اس طرح دہلی کو ایک اور بری شکست سے دو چار ہونا پڑا۔ راجستھان کےگیند باز رجت بھاٹیہ نے 18 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

احمدآباد میں کھیلےگئے اس میچ میں دہلی ڈیئر ڈیولز کے کپتان کیون پیٹرسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور راجستھان رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 201 رن سکور کیا۔

راجستھان کے اوپنر اجنکیا رہانے نے 50 بالز کھیل کر 64 رن بنائے اور اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔

کیون کوپر نے 16 گیندوں پر 32 رن اور سنجو سیمسن نے 25 بالز پر 40 رن سکور کیے۔ آخر میں آل راؤنڈر جیمز فاکنر نے تین چھکّوں کی مدد سے آٹھ گیندوں پر 23 رن بنائے اور سکور دو سو سے بھی اوپر پہنچا دیا۔

اس میچ میں اجنکیا رہانے کی نصف سنچری کی بدولت انھیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔