آئی پی ایل، حیدرآباد اور چینئی کی فتح

،تصویر کا ذریعہPTI
انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن میں سنیچر کو کھیلےگئے ایک میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے دلی ڈیئر ڈیولز کو جبکہ دوسرے میں چینئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو شکست دی۔
پہلے میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے دلی ڈیئر ڈیولز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میں چینئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے ہرایا۔
پہلا میچ دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر کھیلا گيا جہاں بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس کے اصول کے تحت سن رائزر حیدرآباد کو فتح ملی۔
دلی ڈيئر ڈیولز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 143 رن سکور کیے۔
دلی کے کپتان کیون پیٹرسن نے 19 بالز پر 35 رن اور وکٹ کیپر دنیش کارتک نے 29 پر 39 رن سکور کیے۔
حیدرآباد کی اننگز کے دوران بارش کے سبب کئی بار میچ کو روکنا پڑا جس کی وجہ سے پہلے اسے پندرہ اوور میں 117 رن کا ہدف دیا گیا۔
لیکن پھر بارش کے سبب دوبارہ اسے بارہ اوور میں 97 رن کا ٹارگٹ ملا۔ اس دفعہ بھی میچ شروع ہوتے ہی پھر بارش ہونے لگی تو آخری بار اسے جیتنے کے لیے پانچ اوور میں 43 رن کا ہدف ملا جو اس نے دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
دلی ڈیئر ڈیولز کی یہ مستقل چوتھی شکست ہے اور اس طرح پوائنٹس کے حساب سے وہ کافی پیچھے ہوگئی ہے جبکہ سن رائزر حیدرآباد کولکاتہ کی ٹیم سے آگے نکل گئی ہے۔
دوسرا میچ ممبئی میں ہوا جس میں چینئی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر 157 رن بنائے۔
ممبئی کے بلے باز لینڈل سائمن نے 38 بالز پر 38 جبکہ امباتی رائیدو 43 گیندو پر 59 رن کر کے نمایاں بلے باز رہے۔
چينئی سپر کنگز نے 158 رن کے ہدف کو آخری اوور کی تیسری بال پر چھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
چینئی کی طرف سے ڈوئن سمتھ نے 51 بالز پر 57 رن جبکہ ڈوپلیسس نے 24 گیندوں پر 31 رن بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔



