آئی پی ایل: راجستھان کے خلاف حیدرآباد کی جیت

،تصویر کا ذریعہPTI
انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں جمعرات کو کھیلے گئے ایک میچ میں سن رائزر حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو 32 رنز سے شکست دے دی۔
راجستھان رائلز کو جیت کے لیے مقررہ 20 اوورز میں 135 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 5۔19 اوور میں 102 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
راجستھان رائلز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس کی پہلی وکٹ بغیر کوئی رن بنائے ہی گر چکی تھی۔ بعد میں بھی وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی گئیں اور بلے بازوں کے درمیان کوئی اچھی شراکت نہیں ہو پائي۔
سٹیو سمتھ راجستھان کے واحد ایسے بلے باز تھے جو 33 بالز پر 22 رن بنا سکے۔ باقی بلے باز حیدرآباد کی گیند بازی کے سامنے بے بس نظر آئے۔
اس سے قبل راجستھان رائل کے کپتان شین واٹسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سن رائزر حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 134 رن سکور کیے۔
حیدرآباد کے کپتان شکھر دھون نے 30 رن، لوکیش راہول نے 18 اور عرفان پٹھان نے 21 رن سکور کیے۔
لیکن حیدرآباد کی جیت میں سب سے اہم کردار گیند باز بھوبنیشور کمار کا رہا جنھوں نے 14 رن کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور وہ مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔
راجستھان کی طرف سے کپتان شین واٹسن اور رجت بھاٹیہ نے اچھی باؤلنگ کی اور دونوں نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔



