آئی پی ایل میں ممبئی کی دوسری کامیابی

ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے 35 بالز کھیل کر 59 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے 35 بالز کھیل کر 59 رنز بنائے

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں منگل کو کھیلے گئے ایک میچ میں ممبئی انڈینز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 19 رنز سے شکست دے دی۔

رائل چیلنجرز بنگلور کو جیت کے لیے مقررہ 20 اوور میں 188 رن درکار تھے لیکن اس کی ٹیم آٹھ وکٹ کے نقصان پر 168 رن ہی بنا سکی۔

بنگلور کے اوپنر کرس گیل اور پارتھیو پٹیل نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم بعد میں وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

کرس گیل نے 24 بالز پر 38، پارتھیو پٹیل نے 19 پر 26 اور کپتان ویراٹ کوہلی نے 28 گیندوں پر 35 رن بنائے لیکن آج کے میچ میں اے بی ڈیویلیئرز کا بلاّ نہیں چل پایا۔

ممبئی انڈینز کے بالرز نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ لست ملنگا نے 29 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں اور جسپریت بمرا نے 22 رن دیکر دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

ممبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں رائل چیلینجرز بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ممبئی انڈینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 187 رن سکور کیے۔

ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے 35 بالز کھیل کر 59 رن اور کرن پولارڈ نے 31 گیندوں پر 43 رن سکور کیے۔ وکٹ کیپر چدامبرم گوتم نے 30 رن بنائے۔

روہت شرما کی نصف سنچری کی بدولت ممبئی کی ٹیم اچھا سکور کرنے میں کامیاب ہوئی اس لیے وہ آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔

آئی پی ایل کے اس سیزن میں دفاعی چیمپیئن ممبئی کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ اسے اب تک پانچ میچوں میں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔