سابق چیمپیئن ممبئی انڈینز کی مسلسل پانچویں شکست

بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے دو اورز میں دس رنز دے کر دو وکٹیں لیں

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنبھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے دو اورز میں دس رنز دے کر دو وکٹیں لیں

انڈین پریمیئر ليگ (آئی پی ایل) کی سابق چیمپیئن ممبئي انڈینز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہونے والے آئی پی ایل 7 میں اب تک اپنے سارے میچ ہار گئی ہے۔

بدھ اور جمعرات کی رات ممبئی کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد سے 15 رنز سے ہار گئی ہے۔ یہ آئی پی ایل کا متحدہ عرب امارات میں آخری میچ تھا اس کے بعد سارے میچ بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

اس ٹورنامنٹ میں یہ ممبئی انڈینز کی مسلسل پانچویں شکست ہے اور وہ آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر آخری درجے پر ہے۔

سن رائزرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں ممبئی کی ٹیم سات وکٹوں پر 157 رنز ہی بنا سکی۔

تاہم ممبئی انڈینز کے لیے خوش آئند بات یہ ہے ان کے کھلاڑی کیرون پولارڈ نے سب سے زیادہ رنز بنائے اور وہ پہلی بار فارم میں نظر آئے۔

ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے فيلڈگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سن رائزرز نے پہلی دو وکٹیں 38 رنز پر گنوا دیں لیکن اس کے بعد لوکیش راہل اور ڈیوڈ وارنر نے تیسری وکٹ کے لیے 111 رنز کی اہم شراکت داری کی اور ٹیم کو مضبوطی فراہم کی۔

سن رائزرز کی جانب سے وارنر نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے۔ انھوں نے 51 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں چار چھکے بھی لگائے۔ راہل نے 46 رنز بنائے۔

پولارڈ نے 78 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور چھ چھکے لگائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپولارڈ نے 78 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور چھ چھکے لگائے

جواب میں ممبئی انڈینز کی ابتدا کافی خراب تھی اور ان کی تین وکٹیں صرف 31 رنز پر گر چکی تھیں۔ کپتان روہت شرما اور کوری اینڈرسن کی مایوس کن کارکردگی سے ٹیم زبردست دباؤ میں آ گئي۔

تاہم را‏ئيڈو اور پولارڈ کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت نے تھوڑی دیر کے لیے امید جگائی لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی ممبئی کی ٹیم پھر بکھر گئی۔

ان دونوں کو بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے آؤٹ کیا۔ انھوں نے دو اورز میں دس رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔

آخری اوور میں ممبئی انڈینز کو 20 رنز درکار تھے لیکن پہلی ہی گیند پر پولارڈ آؤٹ ہو گئے۔

پولارڈ نے 78 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور چھ چھکے لگائے۔

بھوونیشور کمار کو ان کی بولنگ کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔