آئی پی ایل 7: بنگلور اور دہلی کی ٹیمیں کامیاب

ویراٹ کوہلی تو کوئی رن نہ بنا سکے تاہم ان کی ٹیم کو لگاتار دوسری فتح مل گئی

،تصویر کا ذریعہpti

،تصویر کا کیپشنویراٹ کوہلی تو کوئی رن نہ بنا سکے تاہم ان کی ٹیم کو لگاتار دوسری فتح مل گئی

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں دبئی میں کھیلے گئے دو میچوں میں بنگلور رائل چیلنجرز نے ممبئی انڈینز کو جبکہ دہلی ڈیئر ڈیولز نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دے دی ہے۔

سنیچر کی شام کو پہلے میچ میں ممبئی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔

امباتی رائیڈو 35 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے لیکن ممبئی کے بلے باز اچھی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پارتھیو پٹیل اور اے بی ڈیویلیئرز کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بنگلور نے مقررہ ہدف 18 ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پارتھیو پٹیل نے 45 گیندوں پر 57 رن بنائے جبکہ ابراہم ڈیویلیئرز نے 48 بالوں پر 45 رن سکور کیے۔ یہ دونوں کھلاڑی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

آئی پی ایل کے اس سیزن کے افتتاحی میچ میں بھی ممبئی کی ٹیم کولکاتہ کی ٹیم سے ہار گئی تھی اس طرح یہ اس کی مستقل دوسری ہار ہے جبکہ بنگلور نے لگاتار دوسرا میچ جیتا ہے۔

اس نے اپنے پہلے میچ میں دہلی کی ٹیم کو شکست دی تھی جس نے دوسرے میچ میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو چار وکٹوں سے ہرایا۔

اس میچ میں کولکاتہ نے پہلے کھیلتے ہوئے رابن اتھپا کی نصف سنچری کی بدولت 166 رنز سکور کیے۔ ان کے علاوہ منیش پانڈے اور شکیب الحسن نے بھی اہم اننگز کھیلیں۔

جواب میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے وکٹ کیپر دنیش کارتک اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جے پی ڈومینی کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت آخری اوور میں میچ جیت لیا۔

ان دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور ڈومینی تو تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔