آئی پی ایل 7: راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کی فتح

گلین میکسویل نے محض 43 گیندوں پر 95 رن بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنگلین میکسویل نے محض 43 گیندوں پر 95 رن بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں جمعے کو کھیلے گئے میچوں میں راجستھان رائلز اور کنگز الیون پنجاب کی ٹیمیں فتح یاب ہوئی ہیں۔

کنگز الیون پنجاب نے گلین میكسویل کی شاندار بلے بازی کی بدولت چنّئی سپر کنگز کو چھ وکٹ سے شکست دی تو راجستھان رائلز نے سن رائزرز حیدرآباد کو چار وکٹ سے ہرا دیا۔

پہلے میچ میں سمتھ اور برینڈن میكلم کی عمدہ بلے بازی کے بدولت چنّئی سپر کنگز نے کنگز الیون پنجاب کو 206 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا۔

اسمتھ نے 43 گیندوں پر 66 رنز بنائے جبکہ میكلم 45 گیندوں پر 67 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 123 رنز کی شراکت ہوئی۔

جواب میں گلین میکسویل نے محض 43 گیندوں پر 95 رن بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور کنگز الیون پنجاب نے 19 ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔

میکسویل نے اپنی اننگز میں 15 چوکے اور دو چھکے لگائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دوسرے میچ میں حیدرآباد سن رائزرز نے راجستھان کو فتح کے لیے 134 رن کا ہدف دیا جسے راجستھان نے آخری اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

راجستھان کی فتح میں اہم کردار اجنكيا رہانے اور سٹوئرٹ بنی نے ادا کیا۔ رہانے نے 53 گیندوں پر 59 جبکہ بني نے 32 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں یہ ان چاروں ٹیموں کا پہلا میچ تھا۔ چنّئی سپر کنگز دو بار آئی پی ایل کی فاتح اور گزشتہ برس رنر اپ رہ چکی ہے۔