کیون پیٹرسن زخمی، افتتاحی میچ سے باہر

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیے پیٹرسن کا کیریئر اختتام کو پہنچ چکا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنانگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیے پیٹرسن کا کیریئر اختتام کو پہنچ چکا ہے

آئی پی ایل کے ساتویں سیزن میں دہلی ڈیئر ڈیولز کے سفر کا آغاز اپنے باقاعدہ کپتان کے بغیر ہوا ہے۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کیون پیٹرسن جمعرات کو زخمی ہونے کی وجہ سے شارجہ میں بنگلور کے خلاف میچ نہیں کھیل رہے ہیں۔

پیٹرسن کی انگلی میں چوٹ لگی ہے اور دہلی کے اسسٹنٹ کوچ ایرک سمنز کا کہنا ہے کہ ان کی صحت یابی میں مزید چند دن لگیں گے۔

ایرک سمنز نے کہا کہ ’یہ یقینی طور پر ایک دھچکا ہے کیونکہ وہ ہماری ٹیم کے اہم رکن اور کسی بھی ٹیم کے لیے اہم کھلاڑی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ یہ ’دہلی ڈیئر ڈیولز کے لیے مشکل صورتحال ہے۔‘

33 سالہ پیٹرسن اس برس انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لینے والے واحد انگلش کھلاڑی ہیں۔

دہلی ڈیئر ڈیولز نے انھیں دوبارہ اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کے لیے آٹھ لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ کے برابر رقم کی کامیاب بولی دی تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیے پیٹرسن کا کیریئر اختتام کو پہنچ چکا ہے اور انگلش بورڈ اعلان کر چکا ہے کہ انھیں اب کسی بھی طرز کی کرکٹ کے لیے قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

تاہم پیٹرسن کا کہنا ہے کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کر کے انگلش بورڈ کو کچھ جتانا نہیں چاہتے ہیں۔