کنگز الیون پنجاب کی مسلسل پانچویں جیت

کرس گیل نے دو چھکّے اور دو چوکوں کی مدد سے محض سات گيندوں پر بیس رن بنائے

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنکرس گیل نے دو چھکّے اور دو چوکوں کی مدد سے محض سات گيندوں پر بیس رن بنائے

انڈين پریمیئر لیگ میں پیر کو کنگز الیون پنجاب نے رائل چیلینجرز بنگلور کو پانچ وکٹ سے شکست دی اور اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔

رائل چيلنیجرز بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 124 رن بنائے۔

اس کے جواب میں پنجاب کی ٹیم نے پانج وکٹ کے نقصان پر18.5 اوورز میں 127 رن سکور کر کے میچ اپنے نام کیا۔

کنگز الیون پنجاب کے بلے باز وریندر سہواگ نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 32 رن سکور کیے اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔

بولر سندیپ شرما نے بھی اچھی بولنگ کی اور پندرہ رن کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گيا۔

دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں کنگز الیون پنجاب کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بنگلور کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئی پی ایل کے اس سیزن میں کنگز الیون پنجاب کی یہ مسلسل پانچویں جیت ہے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم نے مستقل اپنے پانچ ابتدائی میچ نہیں جیتے تھے۔

بنگلور کی ٹیم کی طرف کرس گیل نے آج اپنا پہلا میچ کھیلا۔ زخمی ہونے کے سبب وہ اب تک ٹیم سے باہر تھے۔

انہوں نے دو چھکّے اور دو چوکوں کی مدد سے محض سات گيندوں پر بیس رن بنائے۔ یوارج سنگھ نے 32 گیندوں پر 35 رن بنائے۔