آئی پی ایل: چینئی سپر کنگز کی راجستھان رائلز کو شکست

اس ٹورنامنٹ میں چينیئي کا یہ تیسرا میچ تھا اور دوسری کامیابی
،تصویر کا کیپشناس ٹورنامنٹ میں چينیئي کا یہ تیسرا میچ تھا اور دوسری کامیابی

انڈين پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن کے دسویں میچ میں چینیئی سپر کنگز نے راجستھان رائلز کو سات رنز سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔

چينیئی سپرکنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رن سکور کیے اور راجستھان کی ٹیم کوجیت کے لیے 141 رن کا ہدف دیا۔

راجستھان رائلز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور محض دس رن کے سکور پر ہی اس کی پہلی وکٹ گرگئی۔

بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے میچ میں واپسی کی پوری کوشش کی لیکن تب تک دیر ہو چکی تھی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 133 رن پر اس وقت آؤٹ ہوئی جب ایک گیند باقی تھی۔

دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور چینیئی سپر کنگز کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

چینیئی کی جانب سے اس میچ میں مائیکل ہسّی کی جگہ ڈائن سمتھ نے بلے بازی کا آغاز کیا اور اپنی ٹیم کے لیے 28 گيندوں پر شاندار 50 رن بنائے۔

روندر جڈیجہ نے بھی ٹیم کے لیے 36 رن سکور کیے اور شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں اہم رول ادا کیا۔

اس ٹورنامنٹ میں چينیئي کا یہ تیسرا میچ تھا اور دوسری کامیابی۔ دو بار آئی پی ایل چیمپیئن رہ چکی چینیئی کی ٹیم پنجاب کی ٹیم سے اپنا پہلا میچ ہار گئی تھی۔

راجستھان کی ٹیم کا بھی یہ تیسرا میچ تھا اور دوسری شکست۔ اسے اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک صرف ایک کامیابی ملی ہے۔