آئی پی ایل: کنگز الیون پنجاب کی مسلسل تیسری فتح

کنگز الیون پنجاب کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

،تصویر کا کیپشنکنگز الیون پنجاب کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے

انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ سیزن کے نویں میچ میں کنگز الیون پنجاب نے سن رائزر حیدرآباد کو 72 رنز سے شکست دی اور اس طرح پنجاب کی ٹیم نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی ہے۔

کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 193 رن بنائے جس میں بلے باز گلین میکسویل کے شاندار 95 رن شامل تھے۔

انھوں نے پانچ چوکے اور نو چھکّوں کی مدد سے 43 گيندوں پر شاندار 95 رن بنا کر اپنی ٹیم کو بڑا سکور دینے میں مدد کی۔

194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کا آغاز اچھا نہیں رہا اور شروع سے ہی اس کی وکٹیں گرنی شروع ہوئی تو پھر یہ سلسلہ آخر تک جاری رہا۔

حیدر آباد کے بلے بازوں کے درمیان کوئی اچھی شراکت نہیں ہو پائی اور اس طرح پوری ٹیم 20 ویں اوور کی دوسری بال پر 121 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ٹیم کی طرف سے آرون فنچ 19 اور لوکیش راہل 27 رن بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ اس کے علاوہ دیگر بلے باز کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

منگل کو شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں سن رائزر حیدر آباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پنجاب کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئي پی ایل کے اس سیزن میں پنجاب کی ٹیم کی یہ مسلسل تیسری جیت ہے۔ پہلے میچ میں اس نے چینیئی کو اور دوسرے میں راجستھان کو شکست دی تھی۔

ان تینوں میچوں میں گلین میکسویل کی جارحانہ بلے بازی نے اہم کردار ادا کیا جو اب تک تین نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔

انھوں نے چینیئی کے خلاف پہلے میچ میں 43 گیندوں پر 95 رن بنائے تھے، راجستھان کے خلاف 45 گیندوں پر 89 رن اور اس میچ میں 43 گيندوں پر 95 رن سکور کیے۔

دوسری طرف حیدرآباد کی ٹیم کی یہ مستقل دوسری شکست ہے۔ پہلے میچ میں راجستھان کی ٹیم نے اسے ہرایا تھا۔