آئی پی ایل: پنجاب نے بنگلور کو شکست دی

پنجاب کی جیت میں اہم رول گیند باز سندیپ شرما نے ادا کیا جنھوں نے 25 رن کے عوض تین اہم وکٹیں لیں

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنپنجاب کی جیت میں اہم رول گیند باز سندیپ شرما نے ادا کیا جنھوں نے 25 رن کے عوض تین اہم وکٹیں لیں

انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں جمعے کی شب کھیلے گئے ایک میچ میں کنگز الیون پنجاب نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 32 رنز سے شکست دے دی۔

اس ٹورنامنٹ میں یہ پنجاب کی ساتویں فتح ہے اور پوائنٹس کے حساب سے وہ اب تک دوسری تمام ٹیموں سے اوپر ہے۔

رائل چیلنجرز بنگلور کو جیتنے کے لیے 199 رنوں کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر 166 رن ہی بنا سکی۔

بنگلور کی طرف سے اے بی ڈیویلیئر نے اچھی بیٹنگ کی اور انھوں نے 26 گیندوں پر 53 رن سکور کیے۔ سچن رانا نے 18 رن بنائے لیکن ان کے علاوہ دیگر بلے باز ناکام ثابت ہوئے۔

اوپنر کرس گيل چار رن بنا کر ہی پویلین واپس ہوئے جبکہ کپتان ویراٹ کوہلی بغیر کوئی رن بنائے ہی سندیپ شرما کا شکار بنے۔

بنگلور میں کھیلے گئے اس میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 198 رن بنائے اور بنگلور کے لیے ایک بڑا ہدف سامنے رکھا۔

پنجاب کی طرف سے وریندر سہواگ نے24 بالز پر 30 رن، گلین میکسویل نے 11 گیندوں پر 25 رن اور ڈیوڈ ملر نے 29 بالز پر 66 رن سکور کیے۔

لیکن پنجاب کی جیت میں اہم رول گیند باز سندیپ شرما نے ادا کیا جنھوں نے 25 رن کے عوض تین اہم وکٹیں لیں اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔