آئی پی ایل: چینئی اور بنگلور کی جیت

،تصویر کا ذریعہPTI
انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں سیزن میں منگل کو کھیلے گئے ایک میچ میں چینئی سپر کنگز نے راجستھان رائلز کو اور دوسرے میچ میں بنگلور نے دہلی ڈیئر ڈیولز کو شکست دے دی۔
پہلے میچ میں چینئی سپر کنگز نے راجستھان رائلز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میں رائل چیلنجرز بنگلور نے دہلی ڈیئر ڈیولز کے خلاف 16 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
پہلا میچ رانچی میں ہوا جس میں چینئی کو جیتنے کے لیے مقررہ 20 اوور میں 149 رن درکار تھے جو اس نے پانچ وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی بال پر حاصل کر لیے۔
ابتداء میں چینئی کی اننگ لڑکھڑائی اور بریڈن میکلّم 6 رن جبکہ سریش رائنا دو رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔ لیکن ابتدائی جھٹکوں کے بعد ڈائن سمتھ نے سنبھل کر کھیلا۔
انھوں نے 35 بالز پر 44 رن، ڈوپلیسس نے 39 پر 38 رن اور کپتان دھونی نے 16 گیندوں پر 26 رن بنا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
مین آف دی میچ کا خطاب روندر جدیجہ کو ملا جنھوں نے 18 رن کے عوض دو وکٹیں لیں اور اہم موقع پر ٹیم کے 11 رن بھی سکور کیے۔
اس سے قبل راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 148 رن سکور کیے۔
راجستھان رائلز کی طرف سے کپتان شین واٹسن 36 بالز پر 51 رن، انکت شرما 27 پر 30 رن اور سٹورٹ بنی 17 گیندوں پر 22 رن بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
دوسرا میچ بنگلور میں دہلی ڈيئر ڈیولز اور رائل چيلنجرز بنگلور کے درمیان ہوا۔ دہلی کو جتنے کے لیے 187 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ سات وکٹ کے نقصان پر 170 رن ہی سکور کر سکی۔
دہلی ڈيئر ڈیولز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ دو رن کے مجموعی سکور پر ہی اس کی پہلی وکٹ گری جبکہ 10 رن کے مجموعی سکور پر کوئنٹن ڈی کاک بھی پویلین واپس ہوگئے۔
دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور بنگلور کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 186 رن سکور کیے۔
بنگلور کی طرف سے یوراج سنگھ نے 29 گيندوں پر68 رن بنا کر مسلسل اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی اور وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے اور مین اف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔
اوپنر پارتھیو پٹیل نے 28 بالز پر29، کرس گیل 23 پر 22 رن اور اے بی ڈی ویلیئرزنے 17 گیندوں پر 33 رن سکور کیے۔



