میتھیوز کی سنچری، سری لنکا کی برتری 241 رنز

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر سری لنکا ایک مضبوط پوزیشن میں ہے۔
جمعہ کو جب کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 420 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان پر 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88602" platform="highweb"/></link>
کھیل کے اختتام پر کریز پر اینجلو میتھیوز اور پرسنّا جیاوردھنے موجود تھے۔
میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 116 رنز بنائے ہیں جبکہ پرسنّا کو نصف سنچری مکمل کرنے کے لیے دو رن درکار ہیں۔
اس سے قبل چوتھے دن کے آغاز پر میتھیوز نے چندی مل کے ساتھ مل کر سری لنکا کی دوسری اننگز چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز سے دوبارہ شروع کی اور مزید کسی نقصان کے بغیر سکور 324 تک پہنچا دیا۔
ان دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ جنید خان نے چندی مل کو آؤٹ کر کے کیا۔

چندی مل 11 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے اب تک جنید خان نے تین جبکہ بلاول بھٹی نے دو وکٹیں لی ہیں۔
پاکستان کو چوتھے دن اپنے ریگولر وکٹ کیپر عدنان اکمل کی خدمات دستیاب نہیں جو تیسرے دن کے کھیل کی آخری گیند پر اپنی انگلی تڑوا بیٹھے تھے۔
ان کی جگہ کیپنگ کی ذمہ داری یونس خان کے سپرد کی گئی ہے۔
عدنان اکمل اب اس میچ یا سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور اطلاعات کے مطابق دبئی اور شارجہ میں ہونے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کے لیے ان کی جگہ سرفراز احمد کو وکٹ کیپنگ کے لیے بلایا گیا ہے۔
اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن بلے باز جنید خان اور بلاول بھٹی کی فاسٹ بولنگ کے سامنے بےبس دکھائی دیے تھے۔ اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم میچ کے پہلے ہی دن 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان اور مصباح الحق کی سنچریوں کی بدولت 383 رنز بنا کر سری لنکا پر 179 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔



