ورلڈ ایتھلیٹکس: انڈیا کے نیرج چوپڑا کا سلور میڈل، پاکستان کے ارشد ندیم پانچویں نمبر پر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل مرحلے میں انڈیا کے نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
اولمپک چیمپیئن نیرج چوپڑا نے یہ تمغہ جیت کر عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں انڈیا کے لیے تاریخ رقم کی ہے۔
وہ نہ صرف ان عالمی مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلے انڈین بن گئے ہیں بلکہ انڈیا کا ان مقابلوں میں تمغہ جیتنے کا انتظار بھی 19 برس بعد ختم ہو گیا ہے۔
نیرج سے قبل انجو بوبی جارج نے 2003 میں خواتین کے لانگ جمپ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
نیرج چوپڑا کی اس کامیابی پر ان کی والدہ سروج دیوی نے خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم بہت خوش ہیں کہ ان کی محنت رنگ لائی ہے۔ مجھے یقین تھا کہ وہ اس بار تمغہ ضرور جیتے گا۔‘
جیولن تھرو مقابلے کے فائنل میں گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 90.54 میٹر دور جیولین پھینک کر طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ نیرج چوپڑا نے اپنی چوتھی کوشش میں 88.13 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینکا جو کہ چاندی کے تمغے کے لیے کافی ثابت ہوا۔
جمہوریہ چیک کے جیکوب واڈل کانسی کے تمغے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ انھوں نے اپنی بہترین کارکردگی 88.09 میٹر دور جیولن پھینک کر دکھائی۔
اس مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم بھی شامل تھے۔ وہ پانچویں نمبر پر رہے اور ان کی بہترین تھرو 86.16 میٹر کی تھی جو رواں سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
واضح رہے کہ ارشد ان عالمی مقابلوں میں ایتھلیٹکس کے کسی بھی زمرے میں حتمی مرحلے میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔
اپنے ٹوئٹر بیان میں ارشد ندیم نے کہا کہ ‘میں نے اپنی بہترین کوشش کی لیکن بدقسمتی سے میری آخری کوشش ناکام رہی۔ انشا اللہ اگلی بار۔`

،تصویر کا ذریعہEPA
ارشد ندیم، جنھوں نے 21 جولائی کو کوالیفائنگ مقابلوں کے گروپ بی میں 71.81 میٹر فاصلے پر جیولن پھینک کر گروپ بی میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی، فائنل میں جگہ بنانے والے 12 ایتھلیٹس میں مجموعی طور پر نویں نمبر پر رہے تھے۔
ارشد سنہ 2019 میں نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں 86 اعشاریہ 29 میٹرز فاصلے تک نیزہ پھینک کر ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں اور اس ریکارڈ کو انھوں نے ٹوکیو اولمپکس کی تیاری کے دوران ایران میں مزید بہتر کیا تھا۔
اسی کارکردگی کی بنیاد پر وہ گذشتہ برس براہ راست ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی کامیاب ہوئے تھے جہاں 84 اعشاریہ 62 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر وہ پانچویں نمبر پر رہے تھے۔
اولمپکس میں ان مقابلوں میں بھی طلائی تمغہ انڈیا سے تعلق رکھنے والے نیرج چوپڑا حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی اور وہ ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں پہلے اور انفرادی طور پر اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے دوسرے انڈین بن گئے تھے۔









