ٹی 20 ورلڈ کپ: انڈیا سے میچ جیتنے کے بعد اعتماد میں اضافہ ہوا، پوری ٹیم میں پازیٹیو انرجی موجود ہے، محمد حفیظ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ویسے تو پاکستان کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے سب سے پہلے کوالیفائی کر چکی ہے، لیکن سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ کس ٹیم سے ہو گا، اس کا حتمی فیصلہ اتوار کو پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے میچ کے بعد ہی ہو گا۔
تاہم پاکستانی آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹویٹنی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کے مدمقابل سیمی فائنل میں کوسنی ٹیم ہو گی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ٹیم پر اعتماد ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو کی جانے والی پریس کانفرنس میں ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کے سابق کپتان حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی ٹیم کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ سچ کہوں تو جب کرکٹ میچ کی بات ہوتی ہے تو ہم یہ نہیں سوچتے کہ ہم کس کے مقابل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے آغاز میں ہی اپنے روایتی حریف انڈیا کے خلاف 10 وکٹوں سے تاریخی فتح کے بعد رکا نہیں ہے بلکہ یکے بعد دیگرے تمام میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
اکتالیس سالہ حفیظ نے اپنی گفتگو میں کہ جو بھی ہمارے مقابل آئے ہم اس کے لیے تیار ہیں کیونکہ ہمارا اعتماد بہت زیادہ ہے اور ہم اچھی تیاری میں ہیں اور اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مگر پہلے ہمارا سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ ہے اور ہمیں ان کا سامنا اسی انداز میں اور اعتماد سے کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیم نے اچھی پرفارمنس دی۔ ٹیم کا ہر کھلاڑی اور مینجمنٹ نے اپنا کردار ادا کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان نے سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچ جیتے ہیں جن میں سنہ 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والا ایک میچ اور سنہ 2018 میں سکاٹ لینڈ میں ہی کھیلا جانے والا میچ شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
حفیظ کہتے ہیں کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی برتر پوزیشن کو دیکھیں تو اپنی مضبوط پوزیشن کی وجہ سے اچھی پرفارمنس پر اضافی اطمینان ہے۔
مزید پڑھیے
انھوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کے کسی دوسرے ملک کے ساتھ ہونے والے ٹورنامنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف موسم کی خرابی کی وجہ سے ہم نے پانچ میں سے فقط ایک میچ کھیلا تھا، پھر نیوزی لینڈ نے سکیورٹی الرٹ کی وجہ سے ستمبر میں راولپنڈی میں پاکستان کے ساتھ پہلے ون ڈے میچ سے پہلے آخری لمحات میں اپنا دورہ ملتوی کر دیا تھا، پھر اکتوبر میں انگلینڈ نے بھی دورہ ملتوی کر دیا۔
حفیظ نے پہلے میچ کو اعتماد بڑھانے کی وجہ قرار دیا۔ یہ میچ پاکستان کی انڈیا کے خلاف 13 ورلڈ کپ میچوں میں پہلی جیت تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ آج بھی کسی ٹورنامنٹ میں آپ پہلا میچ جیتتے ہیں تو یہ آپ کو اعتماد دیتا ہے جب ہم نے انڈیا کو شکست دی تو اس سے ہمارا اعتماد بڑھا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ انھوں نے ایسے بہت سے ورلڈ کپ مقابلوں میں انڈیا کے خلاف ملنے والی شکست دیکھی ہے اور اس کے بعد ہمیں اس کے نتائج کو بھی برداشت کرنا ہوتا تھا ذہنی طور پر بھی اور جسمانی طور پر بھی۔ لیکن ہم ہمیشہ ایک مضبوط ارادے کے ساتھ واپس لوٹتے تھے۔
انھوں نے کہا کہ اس بار ہم جیتے ہیں اور اس ٹیم کا حصہ ہونا بڑی بات تھی جس نے انڈیا کا آئی سی سی کے اندر جو جن تھا اس کو توڑا۔
انھوں نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آنے والی خبروں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ میری توجہ اس ورلڈ کپ پر ہے اور اس کے بعد میں فیصلہ کروں گا کہ کیا کرنا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سنہ 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے نام کرنے والی پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی مضبوط ٹیم افغانستان اور نمیبیا کو شکست دی ہے۔
پاکستان گروپ ون کے رنر اپ کا سامنا کرے گا۔
سیمی فائنل کے لیے گروپ 2 سے پہلے ہی پاکستان کوالیفائی کر چکا ہے، لیکن گروپ 1 سے دو ٹیمیں آسٹریلیا اور انگلینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئی ہیں۔ ابھی تک گروپ 2 سے دوسری ٹیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ اتوار کو ہو گا۔
گروپ 1 کی دونوں ٹیموں کے مدِ مقابل کون سی ٹیمیں ہوں گی، اس کا فیصلہ کل کے دو میچوں کے نتائج کے بعد ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اگر کل افغانستان نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو اس بات کا فیصلہ انڈیا اور نمیبیا کے میچ کے بعد ہو گا۔
اتوار کو پہلے میچ میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی، جبکہ پاکستان اور سکاٹ لینڈ کا میچ شام سات بجے کھیلا جائے گا۔










