ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان بمقابلہ افغانستان: آصف علی کی جارحانہ اننگز پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

،تصویر کا ذریعہSocial Media
پاکستان نے دبئی میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کی طرح ایک مرتبہ پھر آصف علی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اُنھوں نے صرف سات گیندوں پر 25 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
میچ کے نتیجے کے بعد سوشل میڈیا پر آصف علی کا نام گونج رہا ہے کیوں کہ پاکستان کو آخری دو اوورز میں 24 رنز درکار تھے جب 19ویں اوور میں آصف علی نے افغان بالر کریم جنت کی پہلی، تیسری، پانچویں اور چھٹی گیند پر چھکے لگا کر پاکستان کو میچ جتوا دیا۔
میچ شروع ہوا تو پاکستان نے اپنی بولنگ کے ذریعے افغان کرکٹ ٹیم کو شروع میں کافی نقصان پہنچایا اور ایک موقع پر یوں محسوس ہونے لگا تھا کہ افغانستان کی ٹیم بمشکل ہی 100 رنز تک پہنچ پائے گی۔
مگر اس کے بعد اپنے بلے بازوں کی قابلیت اور پاکستانی بولروں کی جانب سے ایکسٹرا رنز دینے کے باعث اُن کا سکور 147 تک پہنچ گیا۔
پاکستان کی ابتدا اور مڈل آرڈر تک بیٹنگ بہت حوصلہ افزا نہیں رہی تھی۔ کافی دیر تک تو پاکستان کو مطلوبہ رنز اور باقی ماندہ گیندوں میں بہت فرق رہا لیکن بابر اعظم اور فخر زمان کی شراکت داری اور پھر آصف علی کی بیٹنگ نے پاکستان کو آخری اوور تک پہنچایا۔
ان کی اس شاندار کارکردگی پر جہاں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان دونوں ٹیموں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دیتے نظر آئے، تو کیوں کہ پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم ورلڈ کپ فاتح ہیں تو ٹوئٹر پر کئی صارفین اس خواہش کا اظہار کرتے رہے کہ ’اگلا وزیرِ اعظم آصف علی‘ کو ہونا چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہSocial Media
پاکستان کے وزیرِ اعظم اور سابق کرکٹر عمران خان نے بھی اس موقع پر پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کو مبارک باد دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُنھوں نے لکھا کہ ’مبارک ٹیم پاکستان۔ افغان کرکٹ ٹیم کی متاثر کُن کرکٹ۔ میں نے کبھی بھی کسی کرکٹ قوم کو افغانستان کی طرح انٹرنیشنل کرکٹ میں تیزی سے بڑھتے ہوئے نہیں دیکھا۔‘
اُنھوں نے لکھا کہ مقابلے کے اس جذبے اور ہنر کے ساتھ افغانستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@ImranKhanPTI
جب سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی تو ایک صارف نے اُن کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں دیکھ رہا ہوں کہ لاہور میں آصف علی کے نام پر ایک انڈرپاس کا نام رکھا جائے گا۔‘
شہباز شریف نے جواب میں لکھا کہ ’شاٹس ویسے فلائی اوور والی تھیں‘۔
شائقین بھی اُن سے اس معاملے پر اتفاق کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
سوشل میڈیا صارفین اس میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کی فتح پر پھولے نہیں سما رہے ہیں۔
انگلینڈ کے بولر بین سٹوکس نے آصف علی کی کارکردگی پر لکھا کہ ’نام یاد رکھنا، آصف علی‘۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 2016 میں کھیلے گئے ایک میچ میں اُنھیں کارلوس بریتھ ویٹ نے چار گیندوں پر لگا تار چار چھکے لگائے تھے، جس پر کمنٹیٹر نے کہا تھا کہ ’نام یاد رکھنا‘۔
چنانچہ آج بین سٹوکس نے اُنھی الفاظ میں آصف علی کی تعریف کی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@benstokes38
ٹوئٹر صارف مریم نے لکھا کہ وہ اپنے پہلے، دوسرے اور تیسرے سب بچوں کے نام آصف علی رکھیں گی۔ 'مجھے فرق نہیں پڑتا کہ وہ لڑکیاں بھی ہوں، اُن کے نام آصف علی اوّل، آصف علی دوم، اور آصف علی سوم ہوں گے۔'

،تصویر کا ذریعہTwitter/@maryamful
احسن نامی صارف نے لکھا کہ ’آخری گیند پر رن لینے سے انکار کرنا تاکہ سٹرائیک پر رہیں، اور ایک اوور میں چار چھکے۔ یہ آصف علی کا اعتماد ہے جو اپنی ڈومیسٹک کارکردگی اب انٹرنیشنل میں بھی دے رہے ہیں‘۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@AftabSahab_
پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر 'سر آصف علی' ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جس میں لوگ اُن کے لیے تعریفی ٹویٹس اور میمز پوسٹ کرتے رہے۔
علی شیر چانہیو نے لکھا کہ ایک مرتبہ پھر آصف علی نے اپنی سلیکشن (درست) ثابت کر دی ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@AliShER70232859
اور جب سے کرکٹ ورلڈ کپ جتانے والے کپتان عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم بنے ہیں، تب سے لوگ اکثر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے یہی بات کہتے نظر آتے ہیں۔
اور آج آصف علی اپنی کارکردگی پر وہ کھلاڑی بن گئے جنھیں لوگ پاکستان کا اگلا وزیرِ اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@RumanBhatti9

،تصویر کا ذریعہTwitter/@iamHijabian
سید ضیغم کاظمی نے لکھا کہ ’ہم سر آصف علی کے عہد میں جی رہے ہیں‘۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@syedzaighum110
ملک سعد نے مقبول بالی وڈ فلم گینگز ’آف واسع پور‘ میں پراعتماد کردار نبھانے والے نواز الدین صدیقی کی ایک تصویر ٹویٹ کی جس میں نواز الدین صدیقی نہایت اعتماد اور ٹھاٹھ سے بیٹھے ہوئے ہیں اور ساتھ لکھا کہ ’آصف علی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/@iam_saadmalik
حدیقہ احمد نے لکھا کہ ’سر آصف علی پاکستانی ٹیم میں ہیں تو ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا‘۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@HadiqaAhmed20
اور اس سب پر آصف علی نے خود کیا کہا؟ اُن ہی کی زبانی سنیے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام












