بابر اعظم: پاکستانی بلے باز نے آئی سی سی کی تینوں رینکنگ میں جگہ بنالی، مداحوں کا سوشل میڈیا پر ردِعمل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, محمد صہیب
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں ایک ایسا نام ہے جس کے راگ الاپنے کے لیے ویسے تو یہاں نوجوان مداحوں کو کوئی وجہ درکار نہیں ہوتی تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تینوں فارمیٹس کی رینکنگ سامنے آنے کے بعد تو کان آواز پڑی سنائی نہیں دے رہی۔
اگر آپ اب بھی نہیں بوجھ پائے تو بتائے دیتے ہیں کہ یہاں بات پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم کی ہو رہی ہے۔ وہ دنیا میں واحد بلے باز بن گئے ہیں جو آئی سی سی کی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں پہلی پانچ پوزیشنز پر ہیں۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سرِ فہرست، ون ڈے میں تیسرے جبکہ ٹیسٹ میچز میں پانچویں درجے پر آگئے ہیں۔
کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں عمدہ کارکردگی دکھانا کوئی آسان کام نہیں۔ کرکٹ کا ہر فارمیٹ اپنی جگہ ایک کٹھن چیلنج پیش کرتا ہے۔ جہاں ٹی ٹوئنٹی میں شروعات سے جارحانہ بلے بازی اور خطرہ مول لینے والی شاٹس کھیلنی پڑتی ہیں وہیں ون ڈے کرکٹ میں اننگز تعمیر کرنے کا فن ایک بلے باز کو کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
اسی طرح ٹیسٹ میچ کرکٹ سب سے مشکل فارمیٹ ہوتا ہے جہاں صبر ہی سب سے اہم صلاحیت مانی جاتی ہے۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں تو بابر اعظم شروعات سے ہی اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہے لیکن ٹیسٹ میچوں میں کیریئر کے آغاز پر ان کی صلاحیت پر سوال اٹھائے گئے تھے۔
تاہم 2018 کے آغاز سے اب تک ٹیسٹ میچوں میں بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط 67 کی ہے۔ وہ دورۂ انگلینڈ میں اب تک کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں کے بعد 63 کی اوسط سے رنز کر چکے ہیں۔
اسی طرح ہر فارمیٹ میں انھیں ایک مختلف کردار نبھانا ہوتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بابر اوپن کرتے ہیں، ون ڈے کرکٹ میں تیسرے جبکہ ٹیسٹ میچز میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہReuters
بابر اعظم ’فیب فور‘ کا حصہ ہیں؟
تمام کھیلوں کے مداح کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے اور ان کے کھیل کو سراہنے کے لیے درجہ بندیوں اور موازنوں کا سہارا لیتے ہیں۔
فٹبال میں میسی اور رونالڈو میں سے بہتر کون، اس کے بارے میں بحث ایک عرصے تک جاری رہی اور شاید ان کے ریٹائر ہونے تک سر اٹھاتی رہے۔ ٹینس کی دنیا پر راجر فیڈرر اور رفائل نڈال چھائے رہے اور ایف ون میں میکا ہکینن اور مائیکل شوماکر کے کانٹے کے مقابلے آج بھی سب کو یاد ہیں۔
اسی طرح کرکٹ میں گذشتہ چند سالوں سے ایک خیالی فہرست یعنی ’فیب فور‘ ہے جس میں چار بلے باز شامل ہیں: یعنی وراٹ کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ۔
تاہم اب اکثر تجزیہ نگار اس بات پر مصر ہیں کہ بابر اعظم کی گذشتہ چند سالوں میں تسلسل کے ساتھ دی جانے والی کارکردگی اور ان کا بیٹنگ کا عمدہ انداز ان کی اس فہرست میں شمولیت کے لیے کافی ہے۔
اکثر تجزیہ نگار کا خیال ہے کہ گذشتہ چند سالوں میں جو روٹ کی کارکردگی میں تنزلی ان کے اس فہرست سے نکالے جانے کے لیے کافی ہے۔
پاکستان میں بابر اعظم کے مداحوں کی فہرست طویل ہے اور انگلینڈ میں کمنٹیٹرز نے بھی کی اور خاص کر ناصر حسین نے یہ تک کہہ دیا کہ بابر اعظم کو رواں برس شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں موجود ہونا چاہیے۔
ان کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز رِکی پونٹنگ بھی ان کی آسٹریلیا میں کی جانے سنچری اور گذشتہ برس منعقد ہونے والے ورلڈکپ میں کارکردگی سے خاصے متاثر نظر آئے۔
شاید انگلینڈ میں ایک میچ وننگ سنچری سکور کرنے کے بعد ہی وہ اس ’خیالی‘ فہرست میں جگہ بنا پائیں لیکن آئی سی سی رینکنگز نے تو اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں 44، ون ڈے میں 55 اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 50 کی اوسط یقیناً بطور بلے باز ان کی کوالٹی کی دلیل ہے۔
’ہمارا بادشاہ ہیلمٹ پہنتا ہے‘
آئی سی سی کی رینکنگ سامنے آنے کے بعد تو پاکستان میں کرکٹ کے مداح اور بابر اعظم کے اپنے بین الاقوامی مداح پھولے نہ سمائے۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
ایک صارف نے لکھا کہ بابر اعظم نے ابھی سے وہ مقام حاصل کر لیا ہے جو بہت سارے سینیئر پاکستانی کرکٹرز اپنے پورے کیریئر میں حاصل نہیں کر سکے۔
’میں نے ایک عرصے سے پاکستان میں تجزیہ نگاروں کو کسی کھلاڑی کی تکنیکی کھیل پر تبصرہ کرتے نہیں دیکھا۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں میں پاکستان میں سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر سکندر بخت کے چند بینات پر بحث ہوتی رہی ہے تاہم ان میں سے ایک بیان میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابر اعظم جب کارکردگی دکھائیں گے تب میں انھیں بڑا کھلاڑی سمجھوں گا۔
ان کے کچھ مداح تو ان کی انکساری کے بھی گن گانے لگے اور کہنے لگے کہ بابر اعظم میں انا بالکل بھی نہیں ہے۔
کرکٹ کی بات ہو اور انڈیا پاکستان کے صارفین آپس میں بحث نہ کریں، یہ تو ہونے سے رہا۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
ایسے میں پاکستانی مداحوں نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگز کی تصاویر لے کر ٹوئٹر پر لگائیں اور کہا کہ دیکھو ورات کوہلی کا 10واں نمبر ہے۔
ادھر وراٹ کوہلی کے مداح بھی میدان میں آ گئے اور ان کی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں بابر اعظم پر برتری کی بات کرنے لگے۔
کرکٹ پر تجزیوں اور تبصروں کی ویب سائٹ کرک وز نے ایک انتہائی دلچسپ گراف شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم نے ان گرمیوں میں انگلینڈ میں کھیلنے والے تمام بلے بازوں سے بہتر ٹائمنگ کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER
ایک صارف نے بابر اعظم کی تصویر لگا کر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر بادشاہ تاج نہیں پہنتا، ہمارا بادشاہ ہیلمٹ پہنتا ہے۔‘
بابر اعظم اس لحاظ سے بھی زیادہ تعریف کے مستحق ہیں کہ وہ ہوم کرکٹ کھیل کر نہیں بلکہ دوسرے ممالک میں کھیل کر یہاں تک پہنچے ہیں۔










